سلسلہ نسب :آپ علیہ الرحمہ کا سلسلہ نسب اس طرح ہے ۔ حضرت میر
سید عبدالواحد بن میر سید ابراہیم بن میر سید قطب الدین بن میر سید ماہرو بن میر
سید بڈھ بن میر سید کمال الدین بن میر سید قاسم بن میر سید حسین بن میر سید نصیر
بن میر سید حسین بن میر سید عمر بن میر سید دعوة الصغریٰ بن میر سید علی بن میر
سید حسین بن میر سید ابوالفرح بن میر سید ابو الفراس بن میر سید ابو الفرح واسطی
بن میر سید داؤد بن میر سید حسین بن میر سید یحيٰ بن میر سید زید بن میر سید عمر
بن میر سید علی بن میر سید حسن بن میر سید عراقی بن میر سید حسین بن میر سید علی
بن میر سید محمد بن میر سید عیسیٰ موتم الاشتبال بن میر سید زید شہید بن میر سید
امام زین العابدین بن میر سید امام حسین بن سیدہ فاطمہ زہرہ رضی اللہ تعالی عنہا
بنت دانا ئے غیوب سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم ۔
حضرت میرعبدالواحد بن میر
ابراہیم بن سید قطب الدین بن سید ماہرو بن سید بڈھ بلگرامی قدس سرہ، سادات واسطی
زیدی کے فردِ فرید ہیں۔ آپ کے جد اعلیٰ حضرت سید محمد صغریٰ بلگرامی علیہ الرحمہ ، قطب
الاقطاب خواجہ قطب الدین بختیار کاکی علیہ الرحمہ کے
مرید اور ظاہری و باطنی خوبیوں کے جامع تھے۔
حضرت میر سید عبد الواحد
بلگرامی علیہ الرحمہ کے والد (میر ابراہیم علیہ الرحمہ ) اور
چچا (سید طٰہ بلگرامی علیہ الرحمہ ) حضرت مخدوم شاہ صفی علیہ الرحمہ کے
مرید و خلیفہ تھے۔
آپ بھی بچپن میں ہی حضرت مخدوم کے دست مبارک
پربیعت ہوئے۔ پیرومرشد کے وصال کے وقت آپ کی عمر ۱۸ سال تھی۔ اس کے بعد
مخدوم صاحب کے خلیفہ حضرت مخدوم شیخ حسین سکندرآبادی علیہ الرحمہ نے میر
صاحب کی تعلیم وتربیت کی ذمہ داری ادا کی اور خلافت و اجازت سے سرفراز فرمایا۔ میر
عبدالواحدقدس سرہ تحریرکرتے ہیں:یہ فقیر مخدوم شیخ صفی علیہ الرحمہ کا
مرید ہےاور اسے مخدوم شیخ حسین سے خلافت حاصل ہے۔مخدوم شیخ حسین، مخدوم شیخ صفی کے
خلیفہ ہیں۔
مخدوم شیخ حسین کو فقیرکے
والد بزرگوار (میر ابراہیم)سے بڑی الفت و محبت تھی۔ اور ان دونوں کے درمیان بڑی
قربت و یگانگت تھی۔ فقیر کے والد بھی مخدوم شیخ صفی کے خلیفہ تھے۔ اسی وجہ سے میں
نے مخدوم شیخ حسین سے رجوع کیا۔ حضرت مخدوم نے بھی بڑے الطاف و عنایات کا معاملہ
فرمایا؛کیوں کہ میں ان کا رفیق زادہ تھا۔ خرقۂ خلافت سے بھی سرفراز فرمایا، اگرچہ
فقیر اس کا اہل نہیں تھا۔ میں بارگاہ الٰہی میں شکر گذار ہوں کہ مخدوم سے میری
نسبت غلامی درست ہے۔
تصانیف جلیلہ : حضرت میر عبد الواحد
بلگرامی علوم ظاہری و باطنی میں یکتائے عصر تھے۔متعدد تصانیف آپ سے یادگار ہیں،
مثلاً: حقائق ہندی، شرح نزہۃ الارواح، شرح کافیہ (در تصوف)، شرح قصۂ چہار برادر،
شرح مصطلحات دیوان خواجہ حافظ شیرازی، رسالہ حل شبہات اور سبع سنابل وغیرہ۔
آپ علیہ الرحمہ کی تصنیف ’’سبع سنابل‘‘ عوام وخواص کے
مابین مشہور و مقبول ہے۔ یہ کتاب عقائد و تصوف کے مضامین پر مشتمل، سات ابواب میں
منقسم ہے۔اس کتاب سے جہاں مشائخ کی پاکیزہ زندگی کے احوال اور کارنامے معلوم ہوتے
ہیں وہیں سالکین وطالبین کے لیے علم ظاہر و باطن کے اسرار و رموز کی عقدہ کشائی کا
سامان بھی فراہم ہوتا ہے۔اس کتاب کی عظیم خصوصیت بیان کرتے ہوئے حسان الہند میر
غلام علی آزاد بلگرامی علیہ الرحمہ فرماتے
ہیں:سلوک وعقائد میں آپ کی مشہور تصنیف کتاب (سبع) سنابل ہے۔ ماہ رمضان
المبارک ۱۱۳۵ہجری میں مؤلف اوراق (میر غلام علی آزاد) نے دار الخلافہ
شاہجہان آباد میں حضرت شاہ کلیم اللہ چشتی علیہ الرحمہ کی
خدمتِ اقدس میں حاضر ہوکر آپ کی زیارت کی۔ درمیان گفتگو میر عبدالواحد علیہ
الرحمہ کا ذکر آگیا۔ حضرت شیخ نے کافی دیر تک میر صاحب
کے فضائل ومناقب بیان کیے اور فرمایا کہ ایک رات میں مدینہ منورہ میں آپ علیہ
الرحمہ نے بستر پر لیٹا تھا، عالمِ واقعہ میں دیکھا کہ میں اور سید صبغت اللہ
بھروچی سیدنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس اقدس
میں حاضر ہیں، صحابہ کرام اور اولیاے امت کی ایک جماعت بھی حاضر ہے، آپ کی مجلس
اقدس میں ایک شخص موجود ہے اور آپ ﷺ ان سے مسکراتے ہوئے گفتگو فرمارہے ہیں اور ان
کی طرف مکمل التفات ہے۔ جب مجلس شریف ختم ہوئی تو میں نے سید صبغت اللہ سے پوچھا: یہ
کون شخص ہیں جن کی طرف حضور علیہ الصلوۃ والسلام اس قدر توجہ فرما تھے ؟ انہوں نے
جواب دیا کہ یہ میر عبدالواحد بلگرامی ہیں، ان کے اس قدر احترام کی وجہ یہ ہے کہ
ان کی تصنیف’’سبع سنابل‘‘ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں مقبول
ہوئی ہے۔( مآثر الکرام، ص : ۲۹ – ۳۰)
آپ کی بارگاہ میں حضرت
مولانا احمد رضا خاں فاضل بریلوی علیہ الرحمہ نے یوں
خراج عقیدت پیش کیا ہے : ’’سید سادات بلگرام، حضرت مرجع الفریقین ، مجمع
الطریقین، حِبرشریعت، بحر طریقت، بقیۃ
السلف، حجۃ الخلف سیدنا ومولانا میر عبدالواحد حسینی زیدی واسطی بلگرامی قدس اللہ
تعالیٰ سرہ السامی نے کتاب مستطاب سبع سنابل شریف تصنیف فرمائی۔‘‘(
فتاویٰ رضویہ،۲۸/۴۸۵)
اولاد امجاد:حضرت میرعبدالواحد علیہ
الرحمہ کی اولاد میں میرعبدالجلیل، میر فیروز، میریحییٰ
اور میر طیب رحمہم اللہ آتے ہیں۔ آپ کے بڑے صاحب زادے میر عبد الجلیل نے مارہرہ
کو قرارگاہ بناکر اس قصبہ کو رشدو ہدایت کامرکزبنایا۔ حضرت میر صاحب خانوادۂ
برکاتیہ (مارہرہ) کے نسبی و روحانی اجداد میں آتے ہیں۔
حضرت سید شاہ حمزہ عینی
مارہروی علیہ الرحمہ کاشف الاستارمیں فرماتے ہیں: ’’ جاننا
چاہیے کہ ہمارے خاندان میں حضرت سندالمحققین سید عبدالواحد بلگرامی بڑے صاحب کمال
ہوئے ہیں۔آپ فلک ہدایت کے قطب، دائرۂ ولایت کے مرکز تھے۔علوم ظاہروباطن میں فائق
،محققین کے مشرب شناس، اورصاحب تصنیف وتالیف ہیں۔اس فقیر کانسب چارواسطوں سے آپ
کی ذات مبارک سے جاملتاہے۔
میر سید عبدالجلیل بن میر
عبد الواحد بلگرامی کے ذریعہ جوروحانی سلسلہ مارہرہ پہنچا، وہ ان کے پوتے صاحب
البرکات حضرت سید شاہ برکت اللہ مارہروی بن سید اویس بلگرامی کے توسط سے آج بھی
آپ علیہ الرحمہ نی آب وتاب کے ساتھ باقی ہے۔
وصال پر ملال: میر صاحب کا
وصال ۳؍ رمضان المبارک ۱۰۱۷ہجری / ۱۱؍ دسمبر ۱۶۰۸ء شب جمعہ کو
ہوا۔ مزار مبارک بلگرام میں زیارت گاہ ہے۔

No comments:
Post a Comment