Subah (Morning) So Kar Ke Jaldi Uthhna Aur Uske Fawaid



رات دیر تک جاگتے رہنے اور صبح دیر سے بیدار ہونے کی خراب عادت اب ہمارے طرزِ زندگی کا ایک عام حصہ بن چکی ہے۔ ہم کبھی یہ جاننے کی زحمت بھی نہیں کرتے کہ یہ بری عادت ہمیں کیا طبی نقصانات پہنچا رہی ہے ؟
یا پھر اس عادت سے چھٹکارا حاصل کر کے ہم کتنے بڑے انمول فوائد حاصل کرسکتے ہیں؟  
آئیں دیکھتے ہیں کہ صبح جلدی کیسے اٹھا جاسکتاہے ؟
 اس کے فوائد کیا ہیں؟
صبح جلدی نہ اٹھنے کے نقصانات کیا ہیں؟
سب سے اہم بات تو یہ ہے کہ اگر آپ صرف ترکیبیں اور طریقے تلاش کرنا چاہتے ہیں تو پر ایک نہیں ہزاروں طریقے موجود ہیں،بس گوگل سرچ کریں اور اس حوالے سے ٹپس دیکھتے جائیں۔ لیکن اگر کچھ عمل کرنا ہے تو صرف ایک بات ہی کافی ہے! لہٰذا جو باتیں بیان کی جارہی ہیں اس پر عمل کی ضرورت ہے، ورنہ یہ بھی معلومات کے سیلاب میں محض ایک قطرہ ہیں۔
سب سے پہلی بات اگر آپ صبح جلدی اٹھنا چاہتے ہیں تو آپ کو رات جلدی سونا ہوگا، تاکہ آپ کی نیند پوری ہو اور آپ صبح جلدی اٹھ سکیں!
رات جلدی سونا کیوں ضروری ہے اس حوالے سے یہ مختصر سے تحقیق پڑھ لیجیے:‌

اللہ سبحانہ و تعالی نے ہم سب کے دماغ میں ایک گلینڈ رکھا ہے جسے "پائنیل گلینڈ" کہتے ہیں اسے انسانی جسم کا حیاتیاتی گھڑیال بھی کہلاتے ہیں اور یہ ہمارے بصری اعصاب سے منسلک ہوتا ہے یہ اتنا چھوٹا ہوتا ہے جتنا ایک میٹر کا دانہ۔ ہر روز عشاء کے بعد یہ گلینڈ ایک مادہ تیار کرنا شروع کر دیتا ہے جسے میلاٹونین کہتے ہیں جو خون کی نالیوں میں بہتاہے اور جسم کو کینسر سے بچاتا ہے یہ صرف اندھیرے میں کام کرتا ہے اگر محض آنکھ  ہی روشنی میں رہے تو بھی یہ کام نہیں کرتا کیونکہ اسے پتہ لگتا ہے کہ ابھی رات نہیں ہوئی پھر اگر آپ  رات کو بھی روشنی میں رہتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ خود کو قدرتی ویکسین سے محروم کر رہے ہیں اللہ سبحانہ و تعالی ارشاد فرماتا ہے ہم نے رات کے آثار ختم کیے اور روشن دن بنایا (القرآن)   بدقسمتی سے ہم نے آج کل رات کے آثار کو دن کی نسبت زیادہ دیدنی کر دیا ہے کہ ہم رات بھر جاگتے ہیں اور سارا دن سوتے ہیں اور کینسر کے خلاف اس قدرتی ویکسین سے محروم رہ جاتے ہیں
رات کو اس لیے بھی جلد سوجائیں کیونکہ اندھیرا پھیلنے کے بعد آپ کا جسم اپنی مرمت کا کام شروع کردیتا ہے۔ آپ نے دن بھر میں جو کچھ کھایا پیا ہوتا ہے، کام کرکے جسم کو جو تھکان ملی ہوتی ہے اور اندر توڑ پھوڑ ہوئی ہوتی ہے اس کی مرمت رات کے وقت ہوتی ہے۔
آپ چاہے کتنے ہی وٹامنز اور معدنیات استعمال کریں لیکن یہ مرمت پھر بھی ضروری ہے۔ رات بھر مرمت کے بعد صبح آپ کے جسم میں نئے ہارمون اور خلیے بنتے ہیں جو آپ کو اگلے دن کے کاموں اور مقاصد کو پورا کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔ اس لیے رات کو جلدی سویا کریں۔
رات کو کس وقت سونا ضروری ہے ؟ اس سے اہم یہ ہے کہ آپ صبح کس وقت اٹھنا چاہتے ہیں؟ سونے کے برعکس اٹھنے کا وقت مقرر کرلیں اور روز صبح اسی وقت اٹھیں۔ آپ سویرے اٹھیں گے تو رات کو نیند بھی جلدی آجایا کرے گی۔ رات کو جلدی سونے سے نیند کا دورانیہ درست رہتا ہے اور آپ صبح ہشاش بشاش اٹھتے ہیں۔
صبح جلدی اٹھنے کے لیے دوپہر کو قیلولے کی عادت اپنائیں۔ دوپہر کو آدھے سے ڈیڑھ گھنٹے تک قیلولہ کیجیے۔
قیلولہ یعنی دوپہر کو آرام کرنا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے اور سلف صالحین کا بھی عمل رہاہے۔ افسوس کہ اس سنت کو آج ہم تقریبا چھوڑ چکے ہیں۔

صبح جلدی اٹھنے میں کسی کی مددحاصل کریں
اگر آپ سے صبح جلدی نہیں اٹھا جارہا تو اپنے کسی قریبی دوست، رشتہ دار، ماں باپ یا بیگم صاحبہ کو آپ کو صبح اٹھا نے کا کہیں اور اگر آپ ان سے پہلے اٹھ جائیں تو انہیں بھی نماز فجر کے لئے اٹھا ئیے اور اپنی نماز کے ساتھ ساتھ ان کی نماز کا بھی اجر حاصل کیجیے۔

تلاوت قرآن اور مسنون اذکار کا اہتمام کیجیے
کوشش کریں کہ سونے سے پہلے کم از کم ایک رکوع یا ایک چھوٹی سی سورت ہی پڑھ لیجیے، اس سے آپ کو صبح نماز فجر کے لئے اٹھنے میں بڑی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ رات کو سونے سے پہلے ایسے اذکار، جو کسی صحیح حدیث میں بیان ہوئے ہوں، کا ورد بھی اپنی روزانہ کی روٹین کا حصہ بنائیں۔

الارم کااستعمال کیجیے
صبح جلدی اٹھنے کے لیے آپ الارم کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ آج کل موبائل فون تو ہر کسی کے پاس ہے لہٰذا صبح جلدی اٹھنے کے لیے الارم سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔ الارم کے سلسلے میں چند باتوں کا خیال رہے:
نمبر ایک: آپ مختصر وقفے کے بعد الارم بجانے والے بٹن، جسے انگریزی میں "سنوز"(Snooze) کہتے ہیں، کو بھول جائیں اور الارم کی پہلی گھنٹی پر اٹھ جایا کریں۔ اگر آپ کو5 بجے اٹھنا ہے تو ساڑھے 4 کے بجائے 5 بجے کا ہی الارم لگائیں اور الارم بجتے ہی اٹھ جائیں۔ Snooze بجائے فائدہ دینے کے، آپ کے لیے نقصان دہ ہے۔ ظاہر اس سے آپ کی نیند میں خلل ہوتارہے گا، آپ سوئیں گے الارم پھر بج اٹھے گا، آپ پھر جاگیں گے، اس طرح کرنے سے آپ کو سر درد، غصہ، چڑچڑاپن جیسی شکایات ہوسکتی ہیں، لہٰذا اس سے اجتناب ضروری ہے۔
نمبر دو: الارم کو خود سے دور رکھیں، اتنا دور کہ آپ کو اسے بند کرنے کے لیے بستر سے اٹھنا پڑے۔ اگر آپ قریب میں رکھیں گے تو ایک بٹن دبانے سے الارم بند کرکے آپ پھر سے نیند کی وادی میں چلے جائیں گے اور آپ کا جلدی اٹھنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ ایک صاحب کا کہنا ہے کہ میں اپنے الارم کو باتھ روم میں بیسن کے ساتھ شیلف پر رکھ دیتا ہوں اور جب میں الارم بند کرنے کے لئے صبح اٹھتا ہوں تو اپنے آپ کو بیسن کے سامنے پاتا ہوں، بس اب کیا مزید سونا، اب وضو کیا اور نماز کے لئے تیاری شروع۔ آپ بھی ایسا کیجیے، ان شاء اللہ اٹھنے میں بہت آسانی ہوگی!
صبح جیسے ہی آنکھ کھلے، دوبارہ سونے کی کوشش نہ کریں۔ سب سے پہلے سوکر اٹھنے کی دعا پڑھ لیجیے۔ گہرا سانس لیجیے، اس سے آپ کے دماغ کو آکسیجن فراہم ہوگا۔ آنکھیں ملیں، ساتھ ہی پورے چہرے پر ہاتھ پھیرلیں۔ ایک بھر پور انگڑائی لیں۔ انگڑائی جسم میں خون کی روانی کو تیز کرتی ہے۔ رات سونے سے پہلے انگڑائی لینا نیند لانے میں معاون جبکہ نیند سے اٹھنے بعد سستی دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
حرکت کریں۔ نیند سے اٹھنے کے بعد بستر پر نہ لیٹے رہیں بلکہ اٹھ کر حرکت کریں۔ کمرے میں کھڑکی ہوتو اسے کھول کر صبح کا تازہ ہوا لیجیے، اور فریش ہوجائیں! اٹھ کر وضو کیجیے اس سے آپ کی نیند مکمل طور پر غائب ہوجائے گی۔
اٹھنے کے بعد ایک بات یاد رکھیں کم از کم اپنے کام نمٹانے تک موبائل کو ہاتھ تک نہ لگائیں۔ سوکر اٹھنے کے بعد موبائل کو بھول جائیں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ جیسے ہی صبح اٹھیں، موبائل ہاتھ میں لیں اور فیس بک کے نوٹیفیکیشنز چیک کرنے میں لگ جائیں۔ آنے والے میسجز کے رپلائی کرنے لگ جائیں۔ آج کل یہ ایک بری عادت بن چکی ہے جس سے چھٹکا راپانا بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ ایسا کررہے ہیں تو پھر آپ کا سونا جاگنے سے بہت بہتر ہے !

صبح جلدی اٹھنے کے فائدے
صبح جلدی اٹھنے کے بہت سے فوائد ہیں۔ رسول اللہ ﷺ کی حدیث مبارکہ ہے: "اے اللہ ! میری امت کی صبح میں برکت عطافرما!"
 واقعتاً صبح کے اوقات میں بڑی برکت ہوتی ہے۔ ہر کام ڈھنگ سے ہونے لگتاہے۔ کم وقت میں زیادہ کام ہونے لگتاہے۔ کوئی کام کرتے ہوئے تھکان اور بوریت بھی محسوس نہیں ہوتی ۔ یقین نہ آئے تو تجربہ کرکے دیکھ لیں! صبح جلدی اٹھنا آپ کے دماغ کی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ جب آپ صبح جلدی اٹھتے ہیں تو آپ کا دماغ پریشانیوں سے آزاد ہوتاہے اور آپ فریش اٹھتے ہیں۔ صبح کا وقت کوئی بھی دماغی کام کرنے کے لیے بہت بہت مفید ہے، جیسے لکھنا، پڑھنا پڑھانا وغیرہ، کیونکہ اس وقت آپ تازہ دم ہوتے ہیں اور یاداشت بھی بہتر ہوتی ہے۔
صبح جلدی اٹھنے سے چونکہ آپ کا دماغ تازہ دم ہوجاتا اس لیے آپ محنت سے کوئی بھی کام کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ نیز صبح جلدی اٹھنا فیصلے کرنے، اپنے دن بھر کے اہداف مقرر کرنے اور منصوبہ بندی کرنے کے لیے بھی بہترین ہے۔
صبح جلدی اٹھنا آپ کی جسمانی صحت کے لیے بھی بہترین ہے۔ دن بھر آپ کی طبعیت ہشاش بشاش رہتی ہے۔ چہرہ نکھرا ہوا ہوتاہے۔ آنکھوں میں چمک ہوگی۔ بینائی پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ چہرہ مرجھاہوا ہونے کی بجائے تر وتازہ نظر آئے گا۔ چہرہ تازہ رہنے سے آپ طویل مدت تک بوڑھے بھی نظر نہیں آئیں گے۔ سستی وکاہلی نہیں ہوگی۔ صبح خیزی آپ کو کئی بیماریوں سے بھی بچاسکتی ہے۔
آپ کسی بھی کامیاب انسان کی زندگی کے بارے میں پڑھیں تو آپ کو اس کی زندگی میں صبح جلدی اٹھنے کی روٹین لازمی ملے گی۔ سوتے رہنے سے آج تک کوئی ترقی نہیں کرپایا اور نہ ہی اسے کامیابی ملی ......لہٰذا اگر آپ ایک کامیاب انسان بننا چاہتے ہیں تو صبح جلدی اٹھنے کو اپنی عادت بنالیں۔
صبح اٹھنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ جلدی سوئیں گے اور رات بھر صحت افزا اور بھر پور نیند لے سکیں گے۔ یاد رہے دن بھر آپ جتنی بھی نیند لیں آپ کواتنا آرام نہیں ملے گا جتنا رات کی نیند سے آپ سکون محسوس کریں گے۔
صبح جلدی اٹھنے کا زبردست فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ اپنوں کو وقت دے سکیں گے۔ ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ دوسرے سے آگے بڑھنے کے چکر میں اپنوں کو بھی وقت نہیں دے پاتے۔ اور تو اور اپنے بچوں تک کے لیے ہمارے پاس وقت نہیں ہوتا۔ بس اتوار کے اتوار بچوں سے ملتے ہیں جس کی وجہ سے بچے بھی ابو کہنے کی بجائے "اتوار والے انکل" کہنے لگتے ہیں!!!
آپ کے صبح جلدی اٹھنے کے باعث آپ اپنے گھر والوں کو ٹائم دے سکتے ہیں۔ گھر کے معاملات میں دلچسپی لے سکتے ہیں۔ اپنے گھر والوں کے مسائل جان کر انہیں حل کرنے میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ اگر شادی شدہ ہیں تو بیوی بچوں کے ساتھ اچھا وقت گزار کر انہیں اچھی زندگی کا احساس دلاسکتے ہیں۔
صبح جلدی اٹھنے سے آپ ناشتہ بھی ٹھیک طرح سے کرسکیں گے، کیونکہ آپ کو جلدی نہیں ہوگی لہٰذا آپ اطمینان سے ناشتہ کرپائیں گے ۔ اس لیے صبح جلدی اٹھیے اور یہ تمام فائدے سمیٹیے !!

صبح جلدی نہ اٹھنے کے نقصانات
اگر آپ صبح جلدی نہیں اٹھیں گے تو آپ رات کو جلدی سو بھی نہ سکیں گے، یوں آپ کی نیند کی پوری روٹین ہی ڈسٹرب ہوگی۔ یہ بھی یاد رہے کہ رات اللہ تعالیٰ نے آرام کے لیے پیدا فرمائی ہے، اور یہی فطرت ہے۔ آپ فطرت کے خلاف چلیں گے تو نقصان ہی اٹھائیں گے۔
صبح جلدی نہ اٹھنے کا نقصان یہ بھی ہے کہ دن بھر آپ کی طبعیت میں غصہ، چڑ چڑاپن، اسٹریس اور ایک ٹینشن سی رہے گی۔ آپ کام بھی صحیح طرح سے انجام نہیں دے پاتے ہوں گے۔ کیونکہ دن کا بابرکت حصہ آپ ضائع کرچکے ہوتے ہیں۔ دیر سے اٹھنے سے آپ کی یاداشت بھی اچھی نہیں ہوگی۔ ذہن پر بھی ایک بوجھ سامحسوس ہوگا۔
دیر سے اٹھنا آپ کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ چہرہ مرجھاہوا سا لگتاہے۔ طبعیت پر ایک بوجھ سا محسوس ہونے لگتاہے۔ دن بھر سستی اور کاہلی محسوس ہوتی ہے۔ نیز طبعیت میں غصہ، چڑچڑاپن اور تھکان بھی محسوس ہونے لگتا ہے۔
دن میں دیر سے اٹھنے اور رات دیر تک جاگنے کی وجہ سے آپ کے ہارمون میں خرابی پیدا ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے آپ کی یادداشت٬ حسن٬ بالوں اور بینائی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں- اور اس کے علاوہ آپ ڈپریشن کے مریض بھی بن سکتے ہیں۔
جگر کے امراض بھی رات کو دیر تک جاگنے کی وجہ سے ہوتے ہیں کیونکہ آپ وقت پر سوتے نہیں جس کے باعث جسم کی مرمت نہیں ہوپاتی اور جگر متاثر ہوجاتا ہے اور اسے دوبارہ بحال کرنا مشکل ہوتا ہے۔اسی لیے اپنی زندگی میں صرف اتنی سی تبدیلی لائیں کہ صبح جلد اٹھیں اور رات کو جلدی سوجائیں- اس تبدیلی سے آپ ناصرف مکمل طور پر صحت مند رہیں گے بلکہ ایک خوش و خرم زندگی بھی بسر کر سکیں گے۔