Shaba BaraAt Azadi Ki Raat

شبِ برأ ت کی رات بہت مبارک ہے رات میں سال بھر میں ہونے والے سارے انتظامات فرشتوں کے سپردکردیئے جاتے ہیں کہ اس سال میں فلاں فلاں کی موت ہے، فلاں فلاں جگہ اتنا پانی برسایا جاوے گا،فلاں کو مالدار اور فلاں کو غریب بنایا جائے گا،اور جو اس رات میں عبادت کرتے ہیں ان کو عذاب الٰہی سے چھٹکار ا یعنی رہائی ملتی ہے۔ اسلئے اس رات کا نام شبِ برأت عربی میں براء ت کے معنی رہائی اور چھٹکارا ہیں۔ یعنی یہ رات رہائی کی رات ہے قران کریم فرماتا ہے  کہ اس میں بانٹ دیا جاتا ہے ہرحکمت والاکام۔     اس رات کو زمزم کے کنوئیں میں پانی بڑھایا جاتا ہے اس رات حق تعالیٰ کی رحمتیں بہت زیادہ اترتی ہیں۔  (تفسیرروح البیان ،پ ۲۵،تحت ۴،ج۸ ص ۴۰۴)

اس رات کو گناہ میں گزارنا بڑی محرومی کی بات ہے آتشبازی کے متعلق مشہور یہ ہے کہ یہ نمرودبادشاہ نے ایجاد کی جبکہ اس نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا اور آگ گلزار ہوگئی تواس کے آدمیوں نے آگ کے اناربھرکران میں آگ لگا کر حضرت خلیل اللہ علیہ السلام کی طرف پھینکے۔ ہندو پاک میں یہ رسم مسلمانوں نے ہندوؤں سے سیکھی،مگر افسوس کہ ہندو تو اس کو چھوڑ چکے ہیں مگر مسلمانوں کا لاکھوں روپیہ سالانہ اس رسم میں برباد ہوجاتا ہے اور ہر سال خبریں آتی ہیں کہ فلاں جگہ سے اتنے گھر آتشبازی سے جل گئے اور اتنے آدمی جل کر مر گئے۔اس میں جان کا خطرہ اور مال کی بربادی مکانوں میں آگ لگنے کا اندیشہ ہے اپنے مال میں اپنے ہاتھ سے آگ لگانا اور پھر خدا تعالیٰ کی نافرمانی کا وبال سرپر ڈالنا ہے ،اللہ سبحانہ وتعالیٰ  کیلئے اس بیہودہ اور حرام کام سے بچو۔ اپنے بچّوں اور قرابت داروں کو روکو جہاں آوارہ بچے یہ کھیل کھیل رہے ہوں وہاں تماشا دیکھنے کیلئے بھی نہ جاؤ۔آتشبازی بنانااس کابیچنا۔ اس کا خریدنا اور خریدوانا اس کا چلانا یا چلوانا سب حرام ہے۔

مغرب کے بعد چھ نوافل:معمولات اولیائے کرام رحمہم اللہ السلام سے ہے کہ مغرب کے فرض و سنت کے بعد چھ رکعت نفل دودو رکعت کرکے ادا کئے جائیں۔ پہلی دورکعتوں سے پہلے یہ نیت کیجئے: "یا اللہ جل جلالہ! ان دورکعتوں کی برکت سے مجھے درازی عمر باالخیر عطافرما۔دوسری دورکعتوں میں یہ نیت فرمائیے: " یا اللہ جل جلالہ ! ان دورکعتوں کی برکت سے بلاؤں سے میری حفاظت فرما"۔ تیسری دورکعتوں کے لئے یہ نیت کیجئے:"یا اللہ جل جلالہ!  ان دورکعتوں کی برکت سے مجھے اپنے سوا کسی کا محتاج نہ کر"ان ۶  رکعتوں میں سورۃ الفاتحہ کے بعد جو چاہیں وہ سورتیں پڑھ سکتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد تین تین بار سورۃ الاخلاص پڑھ لیجئے۔ ہر دورکعت کے بعد اکیس بار سورۃ الاخلاص یا ایک بار سورہ یاسین شریف پڑھئے بلکہ ہوسکے تو  دونوں ہی پڑھ لیجئے ۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی اسلامی بھائی بلند آواز سے یاسین شریف پڑھیں اور دوسرے خاموشی سے خوب کان لگا کرسنیں ۔ (آقا کا مہینہ)

شب برأت کے نفل نماز: غوث العالم محبوب یزدانی سید سلطان مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ شب برأت میں  سورکعت نماز ادا کرے پچاس سلام کے ساتھ۔ اس کی ہر رکعت میں فا تحہ  کے بعد دس بار سورۃ الاخلاص پڑھے ۔ جب نماز سے فارغ ہو جائے تو سجدے میں سررکھ کر یہ دعاپڑھےبسم اللّٰہ الرحمن الرحیم   اعوذبنوروجھک الذی بصارت بہ السموات والارض السبع وکشف بہ الظلمات وصلح علیہ امر من الاولین و الآخرین من فجاء نعمتک ومن تحویل عاقبتک ومن شر  کتاب سبق۔ اعوذ بعفوک من عقابک واعوذ برضاک من سخطک اعوذبک منک جل ثناء ک وما ابلغ ولا احصی ثناء علیک انت کما اثنیت  علی نفسک۔اس کے بعد بیٹھ جائے اور درودشریف پڑھ کر یہ دعامانگےاللھم ھب لی قلبا نقیا من الشرک بریاو لا شقیا اس کے بعد اللہ تعالی سے حاجت طلب کرےالبتہ قبول ہوگی۔ (لطائف اشرفی حصہ دوم صفحہ۳۴۵)