حضرت عبد اﷲ شاہ غازی 98 ہجری
میں حضرت محمد نفس ذکیہ کے گھر مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے ۔آپ کاسلسلہ نسب پانچویں
پشت میں حضرت علی کرم اﷲ وجہہ الکریم سے جاملتا ہے ۔آپ حسنی وحسینی سادات میں سے
ہیں ۔
سلسلہ نسب:
آپ کا شجرہ نسب حسنی میں ابو محمد عبد اﷲ الاشتررضی اللہ عنہ بن سید محمد نفس ذکیہ رضی اللہ عنہ بن سید محمد عبد اﷲ رضی اللہ عنہ بن سیدنا امام حسن مثنیٰ رضی اللہ عنہ بن سیدنا امام حسن رضی اللہ عنہ بن سیدنا علی المرتضیٰ کرم اﷲ وجہہ الکریم
اورماں کی جانب حسینی ہے۔ حضرت سیدہ فاطمہ صغریٰ بنت حضرت امام حسین رضی اﷲ عنہ کا
نکاح حضرت امام حسن مثنیٰ رضی اللہ عنہ سے
ہوا تھا ۔آپ حضرت امام موسیٰ کاظم رضی اللہ عنہ سے عمر میں تین سال بڑے اور اما م جعفر صادق رضی
اللہ عنہ سے عمر میں پندرہ سال چھوٹے تھے
،تلوار چلانے اور اونٹ سواری میں آپ کا ثانی نہیں تھا اس لئے آپ کو الاشتر یعنی
اچھا اونٹ چلانے والا جو کہ آپ کے نام کاجز بن گیا ۔
تعلیم و تربیت: آپ رضی
اللہ عنہ کی تعلیم وتربیت آپ رضی اللہ عنہ
کے والد کے زیر سایہ ہوئی آپ رضی اللہ عنہ
علم حدیث میں مہارت رکھتے تھے اس لیے آپ رضی
اللہ عنہ کا محدثین میں بھی شمار کیا گیا۔
آپ ’’میں علم کا شہر ہوں علی اس کا دروازہ ہیں ‘‘کے خانوادے کے روشن چراغ تھے آپ رضی
اللہ عنہ میں علم کے جو ہر موجو د تھے آپ رضی
اللہ عنہ علم کی تابانیوں سے عرش تا فرش
بقعہ نو ر تھے۔ آپ کا تابعی ہونا بھی ممکنات میں سے ہے آپ کے زمانے میں کئی صحابہ
کرام روئے زمین پر موجود اپنے علم کے نور بکھیر رہے تھے ۔
آپ رضی اللہ عنہ کی پیدائش کا زمانہ بنو امیہ کی حکومت کا آخری
دور تھا بنو امیہ کی ٩٢ سالہ حکومت زوال پذیر تھی ٩٢ سالہ دور حکومت سادات پرظلم
وجبراوربربریت کا سخت دور تھا اموی حکمراں اہل بیت اطہا ر کو اپنی حکمرانی کیلئے
ہمیشہ خطرہ سمجھتے تھے ۔ ہزاروں سادات کرام شہید کیے گئے ، ہزاروں جلا وطن، ہزاروں
نے اپنے اعلیٰ نسب کو چھپا کر گم نامی کی زندگی گذاری الغرض بنو امیہ کی حکومت کے
خاتمے کے بعد ١٣٢ ہجری میں عبد اﷲ بن محمد سفاح پہلا عباسی حکمراں بنا بغداد
عباسیوں کا دارالسلطنت بنا۔ عبد اﷲ بن محمد سفاح کے انتقال کے بعد اس کا بھائی ابو
جعفر عبد اﷲ، المعروف ابو جعفر منصور مسند اقتدار پر بیٹھا منصور نے اپنی حکومت
جمانے اور لوگوں کے دلوں میں اپنی ہیبت بٹھانے کیلئے وہ مظالم کیے جو تاریخ کے
خونی اوراق میں کسی سے کم نہیں منصور نے خصوصیت کے ساتھ سادا ت کرام پرجومظالم ڈھائے وہ سلاطین عباسیہ کی پیشانی کا
بہت بڑا بدنما داغ ہیں ۔ ١٣٨ ھ میں حضرت عبداﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کے والد حضرت محمد نفس ذکیہ رضی اللہ عنہ نے نظامِ رسالت و خلافتِ راشدہ کی بحالی کیلئے
تحریک کا آغازکیا ،جسے تاریخ میں علوی تحریک کے نام سے جانا جاتاہے حضرت محمد نفس
ذکیہ رضی اللہ عنہ تقویٰ و پرہیز گاری کے
لحاظ سے نہایت ممتاز بزرگ شمار ہوتے تھے ۔ حجازمقد س وعراق میں ہزاروں عقیدت مند
اِن کی آواز پر لبیک کیے ہوئے تھے حضرت امام مالک رحمۃ ُاﷲعلیہ نے آپ کی حمایت میں
فتویٰ جاری کیا ۔ 14 رمضان المبارک 145 ھ میں مدینہ منورہ کے شمال میں جبل سلع کے
قریب عباسی فوج کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ نفس ذکیہ رضی اللہ عنہ بہت شجا ع فنِ حرب کے ماہر قوی و طاقتور تھے ،
ایک بڑی فوج سے مقابلہ کیا حضرت محمد نفس ذکیہ رضی اللہ عنہ نے اپنے بیٹے عبد اﷲ الاشتر کو سندھ اور بھائی
حضرت سید ابراہیم رضی اللہ عنہ کو بصرہ کی
جانب روانہ کردیا تھا۔ بصرہ میں سید ابراہیم کے ہاتھ پر ہزاروں لوگوں نے بیعت کی۔
بصرہ میں قیام کے دوران سید ابراہیم رضی اللہ عنہ نے بڑی قوت حاصل کرلی آپ بصرہ سے کوفہ منتقل
ہوگئے ، کوفہ میں ایک لاکھ افراد آپ کے جھنڈے تلے جمع ہو گئے بڑے بڑے علماء وفقہا
نے ان کا ساتھ دیا بالخصوص امام اعظم ابو حنیفہ حضرت نعمان بن ثابت رحمۃ ُاﷲعلیہ
نے بھی ان کی حمایت و مالی مدد کی جنگ میں بعض مجبو ریوں کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے
جس کا امام اعظم علیہ الرحمہ کو آخری وقت
تک افسوس رہا ۔ حضرت سید ابراہیم رضی اللہ عنہ کو بھی منصور کے مقابلے میں شکست ہوئی او رسید
ابراہیم شہید کردیئے گئے منصور نے جنگ سے فارغ ہوکر ان لوگوں کی خبر لی جنہوں نے
ان کے خلاف خروج میں کسی بھی طرح کا تعاون کیا تھا ان کے ساتھ سختی سے پیش آیا
۔کئی افراد کوقتل اور کئی کو قید وبند کی سزائیں اور کئی کوکوڑے مارے جن میں امام
اعظم ابو حنیفہ نعمان بن ثابت بھی شامل تھے ۔بعد ازاں ابو جعفر منصور نے امام اعظم
علیہ الرحمہ کو قید میں زہر دے کر شہید
کروا دیا ۔حضرت عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کوفہ سے ہوتے ہوئے سندھ میں ایک تاجرکی حیثیت سے
پہنچ چکے تھے ۔اُس وقت سندھ میں گورنرعمربن حفص تھا جو سادات سے بڑی عقیدت رکھتا
تھا ۔ اگرچہ آپ رضی اللہ عنہ کے والد نے
آپکو خلافت علوی کے نقیب کے طور پر سندھ بھیجا تھا مگر آپ نے اپنی زیادہ توجہ
تبلیغ اسلام کی جانب مرکوزرکھی مگرایک دن موقع پاکر آپ کے ایک ساتھی نے گورنرسندھ
عمر بن حفص کوسادات کی حکومت کے قیام میں مدد کی دعوت دی جسے گورنر نے فوراً قبول
کرلیا ،کچھ دنوں بعد بغداد سے ایک تاجر بحری جہازکے ذریعے سندھ پہنچا جو اپنے
ہمراہ گورنر کی بیوی کا خط گورنر کیلئے لایا تھا ۔جس میں اُس کی بیوی نے لکھا کہ
سید محمد نفس ذک رضی اللہ عنہ یہ اور اُن
کے بھائی سید ابراہیم رضی اللہ عنہ عباسیوں
کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہے گورنروہ خط حضرت عبد اﷲ شاہ الاشتر رضی اللہ عنہ کے پاس لے کر گیا اور اُن سے ان کے والد اور چچا
کی شہادت پر تعزیت وافسوس کا اظہا ر کیا خط وحالات سن کر آپ رضی اللہ عنہ غمگین ہوئے تو اس موقع پر عمر بن حفص نے آپ کو
حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ رنجیدہ نہ ہوں میں آپ کو یہاں کے ایک ہندو راجہ کے پاس
بھیج دیتا ہوجو اگرچہ اپنے ہندو نظریہ پر قائم ہے مگر رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم اور اُن کی آل کا بے حد احترام کرتا ہے ۔اور وہ آپ رضی اللہ عنہ کوبڑے احترام سے رکھے گا اور وہ خو د مختار ہے
۔اس لیے حکمراں اُسے کسی بات پر مجبور نہیں کریں گے ، الغرض گورنرسندھ کی مدد سے
ساحلی ریاست (ممکنہ طور پر ساکروندی کے قریب )جانے کا فیصلہ کیا راجہ نے آپ رضی
اللہ عنہ کو خوش آمدید کہا اور انتہائی
عزت واحترام کے ساتھ پیش آیا اورآپ رضی اللہ عنہ کے مشن میں شریک سفر ہوگیا ۔تقریبا ًچار سال آپ
راجہ کے مہمان رہے راجا آپ کے حسن واخلا ق و کردار سے متاثر ہوکر آپ رضی اللہ عنہ کانیاز مند ہوگیا اور اپنی بیٹی آپ کے عقد میں
دے دی جس سے ایک بیٹا پیدا ہواجس کا نام محمد ابوالحسن رضی اللہ عنہ رکھا ۔یہا ں تقریبا ًچار سوافراد مشرف بہ اسلام
ہوئے ۔آپ رضی اللہ عنہ نے اہل سندھ کے
اندر دین متین کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ انکے معاشی اور معاشرتی حقوق اور سماجی انصاف
کیلئے بھی شعور اجاگر کیا ۔
151ہجری
میں ابو جعفر منصور کومعلوم ہواکہ عبداﷲ شاہ الاشتر رضی اللہ عنہ سندھ میں مقیم ہیں جس پر منصور کی پریشانی بڑھتی
جارہی تھی ۔وہ حضرت عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کو سندھ میں عباسی حکومت کیلئے خطرہ محسوس کررہا
تھا ، اُس نے گورنرعمر بن حفص سے جواب طلبی کی اور ُاسے گورنرسندھ سے معزول کرکے
افریقہ کا گورنر بنا کر افریقہ بھیج دیا اور ہشام بن عمروتغلبی کوسندھ کا نیا
گورنر بنا کر خصوصی ہدایات کیساتھ بھیجا کہ عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کوگرفتار کرواور راجہ کی طرف سے کسی قسم کی
رکاوٹ ہوتو راجہ کو قتل کردیا جائے مگر ہشام بن عمرو جو خود بھی سادات کا احترام
کرتا اور اُن سے دلی عقیدت رکھتا تھا اور پھر عبداﷲ شاہ الاشتر رضی اللہ عنہ کی سند ھ میں غیر معمولی شہرت ومقبولیت کی وجہ
سے نئے گورنرہشام بن عمرو انہیں گرفتار کرنے میں ترد کاشکار رہا ۔مختلف حیلوں اور
بہانوں سے عبداﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کی
گرفتاری سے متعلق ابو جعفر منصور کو ٹالتا رہا انہی دنوں میں سندھ کے ایک اور
علاقے میں بغاوت ہوئی جوکہ عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کے قیام کے قریب کا علاقہ تھا گورنرہشام بن عمرو
نے اپنے بھائی سفیع بن عمرکو اُس بغاوت کو کچلنے کیلئے بھیجا عبد اﷲ شاہ غازی رضی
اللہ عنہ بمعہ مریدوں کے سیروشکار پرنکلے
ہوئے تھے سفیع بن عمرو لشکریوں کے ہمراہ اس علاقے میں ٹھہرا ہوا تھا دور سے عبداﷲ
شاہ غازی رضی اللہ عنہ کی سواریوں سے
اُٹھنے والی گرد سے اس کے دل میں خوف پیدا ہواکہ دشمن کا لشکر آرہا ہے ، سپاہیوں
کو حکم دیا کہ لڑائی کیلئے تیار ہوجاؤ جب حضرت عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ قافلے کے قریب آئے تو لشکریوں نے آپ کو پہچان
لیا اور سفیع کوبتایا کہ یہ تو حضرت عبد اﷲ شاہ غازی الاشتر ہے۔ اہل بیت کے خاندان
سے ہے سابقہ گورنر عمر بن حفص نے ان کے ہاتھ پر بیعت کی ہے اور موجودہ گورنرہشام
بن عمرو بھی ان کے عقیدت مندوں میں سے ہے اور یہاں شکار کی غرض سے آتے رہتے ہیں
مگر سفیع نے اپنے لوگوں کی باتوں پردھیان نہیں دیا اُس نے حضرت عبد اﷲ شاہ غازی رضی
اللہ عنہ سے گرفتاری دینے یا جنگ کیلئے
پیغام دیا آپ جنگ کیلئے تیار نہ تھے سفیع جو اہل بیت کے شہزادوں کی تلواربازی
کواچھی طرح جانتا تھا ، سفیع نے اپنے لشکر کے ساتھ آپ رضی اللہ عنہ پرحملہ کردیا،آپ اپنے نوساتھیوں کے ہمراہ تھے
دونوں فریق آمنے سامنے ہوئے آپ نے بڑی جواں مردی کے ساتھ ایک بڑے لشکر کامقابلہ
کیا، باوجو د اس کے کہ مقابل ایک فوجی لشکر تھا ،مگر آپ کے مختصر لشکر کے سامنے
آنے کی طاقت نہیں رکھتا تھا مقابل لشکر نے ایک ساتھ آپ پر حملہ کیا آپ زخمی ہوئے
شاہی لشکر کے لوگ میدان چھوڑ کر بھاگ رہے تھے کہ ایک ظالم نے پیچھے سے تلوار کاوار
کرکے آپ کو شہید کردیا۔"اناﷲواناالیہ راجعون"
قرب وجوار کے لوگوں کوجب
آپ کی شہادت کے واقعہ کا علم ہوا تو بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے ادھر سفیع نے
اپنے بھائی گورنر ہشام بن عمروکواس کی اطلاع دی گورنر کچھ بول نہیں سکھا کیونکہ یہ
عباسی حکمراں ابو جعفر منصور کے حکم کی بجا آوری تھی اس نے اس کی اطلاع بغداد میں
ابو جعفر منصور کودی ۔ادھر آپ کے مریدوں نے آپ کے جسد مبارک کو چھپا کر دور ایک
اونچی پہاڑی پر لے گئے اور اسی پہاڑی پر آپ کو سپر دخاک کیا گیا ۔ یہ پہاڑی کراچی
کے کلفٹن کی پہاڑی ہے اس وقت یہ ایک مچھیروں کی چھوٹی سی بستی ہوا کرتی تھی کئی
کئی میل کوئی آبادی نہیں تھی بحری آمد و رفت بھی اُس وقت صرف دیبل موجو دہ بن قاسم
پورٹ پر ہوا کرتی تھی جو اس وقت بھی کلفٹن سے کئی کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ایک
روایت یہ بھی ہے کہ آپ کا سر مبارک کو تن سے جد ا کرکے بغداد ابو جعفر منصور کے
دربار میں بھیجا گیا۔ پھربغداد سے مدینہ منورہ میں جنت البقیع میں دفن کیا گیا۔ آپ
کی شہادت کے بعد ابو جعفر منصور کو یہ خدشہ تھا کہ لوگ آپ کے صاحبزادے محمد ابو
الحسن رضی اللہ عنہ کو آپ کا جا نشین نہ
بنالیں جو آپ کے سسر راجہ صاحب کے پاس اپنی والدہ صاحبہ کے ہمراہ مقیم تھا ہشا م
بن عمر و نے 151ہجری میں ہی راجہ صاحب کی ریاست پر حملہ کردیا خونریز معرکہ آرائی
میں راجہ کوقتل اور ریاست پر قبضہ کرلیا گیا آپ کی اہلیہ محترمہ اور بیٹے کوپہلے
بغداد پھر مدینہ منورہ بھیجوادیا گیا ۔حضرت عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کا مزار کئی سوسال تک جسے مریدوں نے درختوں کی
لکڑیوں و پتوں سے بنا یا ہوا تھا ۔ مریدین آپ کی قبر کے قریب ہی رہتے کہ کہیں
عباسی (سرکاری) اہلکا ر جسم اطہر کو قبر سے نکال کر بغداد نہ لے جائیں یا نامعلوم
مقام پر منتقل نہ کردیں۔ مریدوں کو سب سے زیادہ دقت یہ پیش آتی کہ وہاں پینے کا
میٹھا پانی میسر نہیں تھا سمندری زمین پر پہاڑی جہاں میٹھے پانی کا ہونا ناممکن
تھا ۔ مریدوں کی دعا سے حضرت عبد اﷲ شاہ غازی رضی اللہ عنہ کے صدقے پہاڑی کے نیچے سے میٹھے پانی کا چشمہ
جاری ہوا جو آج بھی جاری وساری ہے ۔یہ عبد اﷲ شاہ غازی کی کرامت ہے۔
اہل بیت رسول آل ابراہیم
واسماعیل علیہ السلام ہیں۔حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایڑیاں رگڑنے سے عرب کے
ریگستان میں زم زم کا چشمہ ابل آیا تھا جو آج بھی ہے یہ اﷲ تعالیٰ کے برگزیدہ بندے
ہیں، جو چاہیں رب سے منوالیں اور رب کی رضا پر راضی رہیں۔ چاہے کتنی بڑی آزمائش کیوں
نہ آجائے ۔ آپ رضی اللہ عنہ کا عرس مبارک
ہر سال ماہ ذوالحجہ کی 20 ، 21 ، 22 تاریخ کو بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا
جاتا ہے ۔ آپ کی خدمات دینیہ کے پیش نظر اہل سندھ او ر دنیا بھر سے لو گ اپنی
عقیدت کے اظہار کے لئے آپ کے مزار اقدس پر حاضر ہوکر شاندار ہدیہ تبریک پیش کرتے
ہیں ۔
No comments:
Post a Comment