اسم گرامی:
طیفور۔
کنیت :
بایزید۔
لقب:
سلطان العارفین۔
سلسلہ نسب اسطرح ہے: طیفور بن عیسیٰ بن
شروسان بسطامی علیہم الرحمہ۔
آپ علیہ الرحمہ جو شيخ ابو يزيد
اورطیفورابویزیدبسطامی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، اصل نام ابو يزيد طيفور بن
عيسى بن شروسان البسطامی علیہ الرحمہ اور کنیت ابو یزید ہے ۔ فارس(ایران )کے صوبے
بسطام میں پیداہوئے۔بسطامی علیہ الرحمہ آپ کے نام کے ساتھ اسی نسبت سے لگایاجاتاہے۔آپ
علیہ الرحمہ کے آباؤ اجدادمجوسی تھے جوکہ بعد میں اسلام کی طرف راغب ہوگئے۔ بسطام
ایک بڑا قریہ ہے جو نیشاپور کے راستے میں واقع ہے آپ علیہ الرحمہ کے داداکے تین
بیٹے تھے،آدم علیہ الرحمہ ،طیفور علیہ الرحمہ (بایزیدکے والد)اورعلی علیہ الرحمہ
یہ سارے بڑے ہی زاہد اور عبادت گزار تھے وفات 261 ہجری میں ہوئی۔معروف ترین مسلم
صوفیائے کرام میں سے ایک تصوف میں ابو یزید علیہ الرحمہ کےاستاد ابوعلی السندی
نامی ایک صوفی تھے جوعربی نہیں جانتے تھے۔ بعد ازاں دنیا ترک کر دی اور بارہ سال
تک جنگلوں میں ریاضت کی۔ تصوف میں آپ علیہ الرحمہ کا مرتبہ بہت بلند ہے۔ آپ علیہ
الرحمہ کو علم باطن میں امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی روحانیت سے تربیت ہے
جبکہ آپ علیہ الرحمہ کی پیدائش امام کی وفات کے بعد کی ہے۔ان کے معتقدین کو
طیفوریہ اور بسطامیہ کہا جاتا ہے۔
سیرت و خصائص:
آپ مادر زاد ولی اللہ تھے۔ آپ علیہ الرحمہ
کی والدہ محترمہ فرماتی ہیں:کہ جب آپ علیہ الرحمہ میرے پیٹ میں تھے، تو جب کبھی میں مشتبہ لقمہ
کھا بیٹھتی، تو آپ علیہ الرحمہ میرے پیٹ میں تڑپنا شروع کر دیتے۔ جب تک قے نہ کرتی
اور وہ لقمہ دور نہ ہوجاتا آپ علیہ الرحمہ آرام نہ کرتے۔
تحصیلِ علم:
آپ علیہ الرحمہ نے ابتدائی تعلیم اپنے گھر کے
قریبی مکتب میں حاصل کی ،بچپن ہی سے آپ کا قلبی لگاؤ تصوف کی طرف ہوگیا تھا۔ اس
وقت مساجد میں تمام علوم کی مجالس منعقد ہوا کرتی تھیں ۔
آپ علیہ الرحمہ مکتب میں داخل
ہوئے اور آپ نے سورہ لقمان کی یہ آیت پڑھی کہ’’اَنِ اشْکُرْلِيْ
وَلِوَالِدَیْک‘‘(لقمان، 31: 14)کہ تو میرا (بھی) شکر ادا کر اور اپنے والدین کا
بھی۔اس وقت اپنی والدہ سے آکر فرمایا کہ ’’مجھ سے دو ہستیوں کا شکر بیک وقت ادا
نہیں ہوسکتا، لہٰذا آپ مجھے خدا سے طلب کر لیں تاکہ میں آپ کا شکر ادا کرتا رہوں،
یا پھر خدا کے سپرد کر دیں تاکہ اس کے شکر میں مشغول ہو جاؤں‘‘ والدہ نے فرمایا کہ
میں اپنے حقوق سے دستبردار ہو کر تجھے خدا کے سپرد کرتی ہوں۔ چنانچہ اس کے بعد آپ
شام کی جانب نکل گئے اور وہیں ذکر و شغل کو جزوِ حیات بنا لیا اور مکمل تین سال
شام کے میدانوں اور صحراؤں میں زندگی گزار دی، اور اس عرصہ میں یادِ الٰہی کی وجہ
سے کھانا پینا سب ترک کر دیا، بلکہ ایک سو سترہ مشائخ سے نیاز حاصل کرکے ان کے
فیوض سے سیراب ہوئے، انہی مشائخ میں حضرت امام جعفر الصادق علیہ الرحمۃ بھی شامل
ہیں۔
ایک مرتبہ آپ حضرت امام جعفر صادق علیہ
الرحمۃ کی خدمت میں تھے تو انہوں نے فرمایا کہ اے بایزید فلاں طاق میں جو کتاب
رکھی ہے وہ اٹھا لاؤ، آپ علیہ الرحمہ نے دریافت کیا وہ طاق کس جگہ ہے؟
امام جعفر الصادق نے فرمایا کہ اتنا عرصہ
رہنے کے بعد بھی تم نے طاق نہیں دیکھا آپ نے عرض کیا کہ طاق تو کجا، میں نے تو آپ
کے روبرو کبھی سر بھی نہیں اٹھایا، اس وقت امام جعفر صادق علیہ الرحمہ نے فرمایا
کہ اب تم مکمل ہوچکے ہو لہٰذا بسطام واپس چلے جاؤ۔
ایک مقام پر آپ کسی بزرگ سے نیاز حاصل کرنے
پہنچے تو جس وقت آپ ان کے نزدیک ہوگئے تو دیکھا کہ انہوں نے قبلہ کی جانب تھوک
دیا، یہ دیکھ کر آپ ملاقات کئے بغیر واپس آگئے اور فرمایا کہ اگر وہ بزرگ طریقت کے
درجوں کو جانتا تو شریعت کے منافی کام نہ کرتا۔ آپ کے ادب کا یہ عالم تھا کہ مسجد
جاتے وقت راستے میں بھی نہ تھوکتے سفر حج میں چند قدموں کے بعد آپ نماز ادا کرتے
ہوئے فرماتے کہ بیت اللہ دنیاوی بادشاہوں کا دربار نہیں جہاں ایک دم پہنچ جائے اس
طرح آپ پورے بارہ سال میں مکہ معظمہ پہنچے۔ آپ نے مختلف شہروں میں کئی شیوخ سے
علمی استفادہ کیا، اور جملہ علوم میں کمال حاصل کیا۔
بیعت و خلافت:
آپ علیہ الرحمہ کی روحانی تربیت باطنی طور پر
حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ سے ہے۔
سلطان العارفین ،حضرت سیدنا بایزید بسطامی
علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :سردیوں کی ایک سخت رات میں میری والدہ نے مجھ سے پانی
مانگا،میں آبخورہ(یعنی گلاس) بھرکرآیاتوانہیں نیندآگئی تھی،میں نے جگانا
مناسب نہ سمجھا،پانی کا آبخورہ(یعنی گلاس)لئےاس انتظار میں ماں کے قریب کھڑا رہا کہ بیدار ہوں تو پانی پیش
کروں ، کھڑے کھڑے کافی دیر ہوچکی تھی اور آبخورے سے کچھ پانی گر کر میری انگلی پر
جم کر برف بن گیا تھا ۔بہر حال جب والدۂ محترمہ بیدار ہوئیں تو میں نے آبخورہ
پیش کیا، برف کی وجہ سے چپکی ہوئی انگلی جوں ہی آبخورے(یعنی پانی کے گلاس)سے جدا
ہوئی اس کی کھال اُدھڑ گئی اور خون بہنے لگا۔ماں نے دیکھ کر پوچھایہ کیا؟ میں نے
سارا ماجرا(واقعہ)عرض کیا تو انہوں نے ہاتھ اٹھا کر دُعا کی:اے اللہ! میں اس سے راضی ہوں تو بھی اس سے
راضی رہنا۔ دنیا نے دیکھا کہ واقعی عظیم بیٹے کے حق میں ماں کی دعا قبول ہوئی
اور اللہ پاک نے آپ علیہ الرحمہ کوولایت کے مرتبہ سے سرفراز فرمایا
۔
حضرت شیخ بایزید علیہ الرحمہ نے
فرمایا کہ میں ایک سفر میں خلوت سے لذت حاصل کر رہا تھا اور فکر میں مستغرق تھا
اور ذکر سے انس حاصل کر رہا تھا کہ میرے دل میں ندا سنائی دی، اے بایزید دیر سمعان
کی طرف چل اور عیسائیوں کے ساتھ ان کی عید اور قربانی میں حاضر ہو۔ اس میں ایک
شاندار واقعہ ہوگا۔ میں نے اعوذ باللہ پڑھا اور کہا کہ پھر اس وسوسہ دوبارہ نہیں
آنے دوں گا۔ جب رات ہوئی تو خواب میں ہاتف کی وہی آواز سنی۔ جب بیدار ہوا تو بدن
میں لرزہ تھا۔ پھر سوچنے لگا کہ اس بارے میں فرمانبرداری کروں یا نہ تو پھر میرے
باطن سے ندا آئی کہ ڈرو مت، تم ہمارے نزدیک اولیا ءاخیار میں سے ہو اور ابرار کے
دفتر میں لکھے ہوئے ہو۔ راہبوں کا لباس پہن لو اور ہماری رضا کیلئے زنار باندھ لو۔
آپ پر کوئی گناہ یا انکار نہ ہوگا۔
حضرت علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ
صبح سویرے میں نے عیسائیوں کا لباس پہنا، زنار کو باندھا اور دیر سمعان پہنچ گیا۔
وہ ان کی عید کا دن تھا۔ مختلف علاقوں کے راہب دیر سمعان کے بڑے راہب سے فیض حاصل
کرنے اور ارشادات سننے کیلئے حاضر ہو رہے تھے۔ میں بھی راہب کے لباس میں ان کی
مجلس میں جا بیٹھا۔ جب بڑا راہب آ کر منبر پر بیٹھا تو سب خاموش ہو گئے۔ بڑے راہب
نے جب بولنے کا ارادہ کیا تو اس کا منبر لرزنے لگا اور کچھ بول نہ سکا گویا اس کا
منہ کسی نے لگام سے بند کر رکھا ہے تو سب راہب اور علما کہنے لگے اے مرشدِ ربانی!
کون سی چیز آپ کو گفتگو سے مانع ہے؟
ہم آپ کے ارشادات سے ہدایت
پاتے ہیں اور آپ کے علم کی قدر کرتے ہیں۔
بڑے راہب نے کہا کہ میرے
بولنے میں یہ امر مانع ہے کہ تم میں ایک محمدی شخص آ بیٹھا ہے۔ وہ تمہارے دین میں
آزمائش کیلئے آیا ہے لیکن یہ اس کی زیادتی ہے۔
سب نے کہا ہمیں وہ شخص
دکھا دو ہم فوراً اس کو قتل کر ڈالیں گے۔
اس نے کہا بغیر دلیل اور حجت کے
اس کو قتل نہ کرو، میں امتحاناً اس سے علم الادیان کے چند مسائل پوچھتا ہوں۔
اگر اس نے سب کے صحیح جواب
دئیے تو ہم اس کو چھوڑ دیں گے ورنہ قتل کر دیں گے کیونکہ امتحان میں مرد کی عزت
ہوتی ہے یا رسوائی و ذلت۔ سب نے کہا آپ جس طرح چاہیں کریں۔ وہ بڑا راہب منبر پر
کھڑا ہو کر پکارنے لگا۔
اے محمدی ! تجھے محمد صلی اللہ
علیہ وآلہ وسلم کی قسم کھڑا ہو جا تاکہ سب لوگ تجھے دیکھ سکیں تو بایزید علیہ
الرحمہ کھڑے ہو گئے۔
اس وقت آپ علیہ الرحمہ کی
زبان پر رب تعالیٰ کی تقدیس اور تمجید کے کلمات جاری تھے۔
اس بڑے پادری نے کہا اے محمدی! میں
تجھ سے چند مسائل پوچھتا ہوں۔ اگر تو نے پوری وضاحت سے ان سب سوالوں کا جواب دیا
تو ہم تیری اتباع کریں گے ورنہ تجھے قتل کر دیں گے۔
حضرت بایزید نے فرمایا کہ
تو معقول یا منقول جو چیز پوچھنا چاہتا ہے پوچھ، اللہ تمہارے اور ہمارے درمیان
گواہ ہے۔
(1) مجھے اُس ایک کے
متعلق بتاؤ جس کا دوسرا نہیں ؟
(2) ان دو کے متعلق
بتاؤ جن کا تیسرا نہیں ؟
(3) ان تین کے متعلق
بتاؤ جن کا چوتھا نہیں ؟
(4) ان چار کے متعلق بتاؤ جن کا
پانچواں نہیں ؟
(5) ان پانچ کے متعلق بتاؤ جن کا
چھٹا نہیں ؟
(6) ان چھ کے متعلق بتاؤ جن کا
ساتواں نہیں ؟
(7) ان سات کے متعلق
بتاؤ جن کا آٹھواں نہیں ؟
(8) ان آٹھ کے متعلق
بتاؤ جن کا نواں نہیں ؟
(9) ان
نو کے متعلق بتاؤ جن کادسواں نہیں ؟
(10) مکمل
دس دن سے مراد کون سے دن ہیں؟
(11) ان
گیارہ کے متعلق بتاؤ جن کابارہواں نہیں ؟
(12) ان
بارہ کے متعلق بتاؤ جن کا تیرہواں نہیں ؟
(13) ان
تیرہ کے متعلق بتاؤ جن کا چودہواں نہیں ؟
(14) ایسی
قوم کے متعلق بتاؤ جنہوں نے جھوٹ بولا پھر بھی جنت میں داخل کر دیئے گئے ؟
(15) اس
قوم کے متعلق بتاؤ جنہوں نے سچ بولا مگر آگ میں داخل کر دیئے گئے ؟
(16) تمہارے
جسم میں تمہارے نام کا ٹھکانہ کہاں ہے؟
(17) وَ الذّٰرِیٰتِ ذَرْوًا
(18) فَالْحٰمِلٰتِ
وِقْرًا
(19) فَالْجٰرِیٰتِ یُسْرًا اور
(20) فَالْمُقَسِّمٰتِ
اَمْرًا (سورۃ الذاریت ۔ 4-1) سے کیا مراد ہے؟
(21) کون
سی شے بغیر روح کے سانس لیتی ہے؟
(22) ان چودہ کے متعلق بتاؤ جنہوں نے
ربّ العلمین جل جلالہٗ سے کلام کیا؟
(23) کون
سی قبر صاحبِ قبر کو لے کر چلی؟
(24) وہ
کون سا پانی ہے جو آسمان سے اترانہ زمین سے نکلا؟
(25) ان
چار کے نام بتاؤ جو باپ کی پشت سے پیدا ہوئے نہ ماں کے بطن سے؟
(26) زمین
پر سب سے پہلا خون کس کا بہایا گیا؟
(27) اس
شے کے متعلق بتاؤ جسے اللہ عزوجل نے پیدا کیا اور پھر خود ہی خرید لیا؟
(28) ایسی
شے کے متعلق بتاؤ جس کو اللہ عزوجل نے پیدا کیا اور خود ہی ناپسند فرمایا؟
(29) اس چیز کے متعلق بتاؤ جس کو اللہ
عزو حل نے پیدا کیا اور عظمت بھی بخشی؟
(30) اس
چیز کے متعلق بتاؤ جس کو اللہ عزو حل نے پیدا کیا اور پھر خود ہی اس کے متعلق سوال
کیا؟
(31) سب
سے افضل عورتیں کون ہیں؟
(32)سب سے افضل دریا کون سے ہیں؟
(33) افضل
ترین پہاڑ کون سا ہے؟
(34) سب
سے افضل چوپایہ کون سا ہے؟
(35) افضل
ترین مہینہ کون سا ہے؟
(36) سب سے افضل رات کون سی ہے؟
(37) العامۃ
سے کیا مراد ہے؟
(38) وہ
کون سا درخت ہے جس کی بارہ شاخیں ہیں، ہر شاخ پر تیس پتے ہیں اور ہر پتے میں پانچ
رنگ ہیں، دو سورج کی روشنی میں اور تین سائے میں؟
(39) وہ
کون سی چیز ہے جس نے بیت الحرام کا حج کیا اور طواف کیا حالانکہ اس میں روح نہیں
اور نہ ہی اس پر حج فرض تھا؟
(40) اللہ
عزوجل نے کتنے نبی پیدا فرمائے؟
(41) ان میں سے کتنے مرُسل اور کتنے
غیر مرسل ہیں؟
(42) وہ
کون سی چار چیزیں ہیں جن کا رنگ اور ذائقہ مختلف ہے مگر اصل ایک ہے؟
(43) نَقِیْر
کیا ہے؟
(44) قِطْمِیر
کیا ہے؟
(45) قبیل
کیا ہے؟
(46) السَّبَد کیا ہے؟
(47) اللَّبَد کیا ہے؟
(48) الظلم کیا ہے؟
(49) اکرم
کیا ہے؟
(50) کتا
بھونکنے میں کیا کہتا ہے؟
(51) گدھا
رینکنے میں کیا کہتا ہے؟
(52) بیل
ڈکرانے میں کیا کہتا ہے؟
(53) گھوڑا
ہنہنانے میں کیا کہتا ہے؟
(54) اونٹ
بلبلانے میں کیا کہتا ہے؟
(55) مور
اپنی چیخ و پکار میں کیا کہتا ہے؟
(56) تیتر
اپنی سیٹی میں کیا کہتا ہے؟
(57) بلبل
اپنے نغموں میں کیا کہتا ہے؟
(58) مینڈک
اپنی تسبیح میں کیا کہتا ہے؟
(59) ناقوس (نصاریٰ کا گھنٹہ ہے جسے
وہ اپنی عبادت کے وقت بجاتے ہیں) اپنی آواز میں کیا کہتا ہے؟
(60) ایسی
مخلوق کے متعلق بتاؤ جنہیں اللہ عزو جل نے الہام فرمایا وہ جنوں میں سے ہے، نہ
انسانوں میں سے اور نہ ہی فرشتوں میں سے؟
(61) جب
دن نکلتا ہے تو رات کہاں چلی جاتی ہے؟
(62) اورجب
رات چھا جاتی ہے تودن کہاں چلا جاتا ہے؟
سلطان العارفین حضرت سید نا ابو
یزید بسطامی علیہ الرحمہ نے پوچھا’’کیا ان کے علاوہ بھی کوئی سوال ہے؟‘‘
تو سب پادریوں نے کہا: نہیں۔
آپ علیہ الرحمہ نے ارشاد فرمایا
’’اگر میں نے ان کے جوابات صحیح طور پر دے دیئے تو کیا تم اللہ عزو جل اوراس کے
پیارے رسول حضرت محمد ﷺ پر ایمان لے آؤ گے؟‘‘
سب نے کہا: جی ہاں۔ آپ علیہ
الرحمہ نے بارگاہِ الٰہی میں عرض کی’’ یا اللہ عزو جل! تو ان کی باتوں پر گواہ
ہے۔‘‘ پھر فرمایا ’’اب اپنے سوالات کے جوابات سنتے جاؤ‘‘:
(1)وہ ایک جس کا دوسرا نہیں تو
وہ اللہ واحد قہار ہے۔
(2)وہ دو جن کا تیسرا نہیں تو وہ
دن اور رات ہیں جیسا کہ اللہ عزو جل کا فرمانِ عالیشان ہےوَجَعَلْنَا الَّیْلَ
وَالنَّہَارَ اٰیَتَیْنِ (سورۃ بنی اسرائیل ۔12) ترجمہ : اور ہم نے رات اور دن کو(اپنی قدرت
کی) دو نشانیاں بنایا۔
(3) وہ تین جن کا چوتھا نہیں تو وہ
عرش، کرسی اور قلم ہیں۔
(4) وہ چار جن کا
پانچواں نہیں تو وہ آسمانی کتابیں تورات، انجیل، زبور اور قرآنِ پاک ہیں۔
(5) وہ پانچ جن کا چھٹا نہیں تو وہ
پانچ نمازیں ہیں جو ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہیں۔
(6) وہ چھ جن کا ساتواں نہیں تو وہ
چھ دن ہیں۔ اللہ عز و جل ان کا ذکر قرآن پاک میں فرماتا ہے: وَلَقَدْ خَلَقْنَا السَّمٰوٰتِ
وَالْأَرْضَ وَمَا بَیْنَہُمَا فِیْ سِتَّۃِ أَیَّامٍ (سورۃ ق۔ 38) ترجمہ:
ا ور بے شک ہم نے آسمانوں اور زمین کواور جو کچھ ان کے درمیان ہے چھ دن میں
بنایا۔
(7) وہ سات جن کا آٹھواں نہیں تو وہ
سات آسمان ہیں۔ چنانچہ اللہ عزوجل کا فرمانِ عالیشان ہے: سَبْعَ سَمٰوٰتٍ طِبَاقًا (سو
رۃ الملک۔3) ترجمہ: سات آسمان ایک کے اوپر دوسرا۔
(8) وہ آٹھ جن کا نواں نہیں تو وہ
عرش اٹھانے والے آٹھ فرشتے ہیں۔ جیسا کہ قرآن پاک میں ہے: وَیَحْمِلُ عَرْشَ
رَبِّکَ فَوْقَہُمْ یَوْمَئِذٍ ثَمٰنِیَۃٌ (سورۃ الحاقہ۔ 17) ترجمہ: اور اس
دن تمہارے ربّ کا عرش اپنے اوپر آٹھ فرشتے اٹھائیں گے۔
(9) وہ نوجن کا دسواں نہیں تو وہ نو
افراد کی جماعت تھی جو فساد برپا کرنے والے تھے۔ چنانچہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے: وَکَانَ
فِی الْمَدِیْنَۃِ تِسْعَۃُ رَھْطٍ یُّفْسِدُوْنَ فِی الْاَرْضِ وَلَا
یُصْلِحُونَ (سورۃ النمل۔48) ترجمہ: اور (قومِ ثمود کے) شہر میں نو شخص تھے
کہ زمین میں فساد کرتے اوراصلاح نہیں کرتے تھے۔
(10) مکمل
دس دن سے مراد وہ دس دن ہیں جن میں حجِ تمتع کرنے والا ہدی کا جانور نہ پانے کی
صورت میں روزے رکھتا ہے۔ چنانچہ ربّ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: فَصِیَامُ ثَلٰثَۃِ
أَیَّامٍ فِی الْحَجِّ وَسَبْعَۃٍ إِذَا رَجَعْتُمْ ط تِلْکَ عَشَرَۃٌ
کَامِلَۃٌ (سورۃ البقرہ۔ 196) ترجمہ: تو تین روزے حج کے دنوں میں رکھے اور
سات جب اپنے گھر پلٹ کر جاؤ یہ پورے دس ہوئے۔
(11) وہ
گیارہ جن کا بارہواں نہیں تو وہ حضرت سید نا یوسف علیہ السلام کے بھائی ہیں۔
چنانچہ اللہ تعالیٰ حضرت یوسف علیہ السلام کا قول حکایت کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے: إِنِّیْ
رَأَیْتُ أَحَدَ عَشَرَ کَوْکَبًا (سورۃ یوسف۔4) ترجمہ: میں نے (خواب
میں) گیارہ ستارے دیکھے۔
(12) وہ
بارہ جن کا تیرہواں نہیں تو وہ مہینوں کی تعداد ہے۔ چنانچہ ربّ تعالیٰ ارشاد
فرماتا ہے: إِنَّ عِدَّۃَ الشُّہُوْرِ عِنْدَ اللّٰہِ اثْنَا
عَشَرَ شَہْرًا فِیْ کِتٰبِ اللّٰہِ )سورۃ التوبۃ۔36) ترجمہ: بے شک
مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ہے اللہ کی کتاب میں ۔
(13) وہ
تیرہ جن کا چودہواں نہیں تو وہ حضرت سید نا یوسف علیہ السلام کا خواب ہے۔ جیسا کہ
ربّ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: إِنِّیْ رَأَیْتُ أَحَدَ عَشَرَ کَوْکَبًا وَّ
الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ رَأَیْتُہُمْ لِیْ سَاجِدِیْنَ (سورۃ یوسف۔4) ترجمہ:
میں نے (خواب میں) گیارہ ستارے اور سورج اور چاند دیکھے انہیں اپنے لئے سجدہ کرتے
دیکھا۔
(14) وہ
قوم جنہوں نے جھوٹ بولا پھر بھی جنت میں داخل کر دیئے گئے تو وہ حضرت یوسف علیہ
السلام کے بھائی ہیں۔ جیسا کہ ربّ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: قَالُوْا
یٰٓاَبَانَآ إِنَّا ذَھَبْنَا نَسْتَبِقُ وَتَرَکْنَا یُوْسُفَ عِنْدَ
مَتَاعِنَا فَأَکَلَہُ الذِّئْبُ (سورۃیوسف۔17) ترجمہ: بولے اے ہمارے
باپ! ہم لوگ دوڑ میں مقابلہ کرنے چلے گئے اور ہم نے یوسف کو اپنے اسباب کے پاس
چھوڑا تو اسے بھیڑیا کھا گیا۔‘‘ انہوں نے جھوٹ بولا پھر بھی جنت میں داخل کر دیئے
گئے۔
(15) وہ
قوم جنہوں نے سچ بولا لیکن جہنم میں داخل کر دیئے گئے تو وہ یہود و نصاری ہیں۔ اور
وہ ان کا یہ قول ہے: وَقَالَتِ الْیَھُوْدُ لَیْسَتِ النَّصٰرٰی عَلٰی شَیْئٍ
ص وَّقَالَتِ النَّصٰرٰی لَیْسَتِ الْیَھُوْدُ عَلٰی شَیْئٍ (سورۃ
البقرۃ۔113) ترجمہ: اور یہودی بولے نصرانی کچھ نہیں اور نصرانی بولے یہودی کچھ
نہیں۔ انہوں نے سچ کہا لیکن جہنم میں داخل کر دیئے گئے۔
(16) تمہارے
جسم میں تمہارے نام کا ٹھکانہ کان ہیں (یعنی جب کوئی نام بولا جاتا ہے تو کان ہی
سنتے ہیں) ۔
(17) وَالذّٰرِیٰتِ
ذَرْوًا (یعنی اُڑاکر بکھیردینے والی ہواؤں کی قسم) سے مراد چار ہوائیں ہیں۔
(18) فَالْحٰمِلٰتِ
وِقْرًا (یعنی بارِ گراں اٹھانے والی بدلیوں کی قسم) سے مراد بادل ہیں۔ جیسا
کہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَالسَّحَابِ الْمُسَخَّرِ بَیْنَ السَّمَآئِ
وَالْأَرْضِ (سورۃ البقرۃ۔ 164) ترجمہ: اور وہ بادل کہ آسمان وزمین کے بیچ
میں حکم کا پابندہے۔
(19) فَالْجٰرِیٰتِ یُسْرًا (یعنی
نرم چلنے والیاں) سے مراد دریا میں چلنے والی کشتیاں ہیں۔
(20) فَالْمُقَسِّمٰتِ
اَمْرًا (پھر کام کو تقسیم کرنے والے) سے مراد ملائکہ ہیں جو لوگوں کا رزق
پندرہ شعبان سے دوسرے سال پندرہ شعبان تک تقسیم کرتے ہیں۔
(21) جن
چودہ نے ربّ العلمین سے کلام کیا تو وہ سات آسمان اور سات زمینیں ہیں۔ چنانچہ ربّ
تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: فَقَالَ لَھَا وَلِلْأَرْضِ ائْتِیَا طَوْعًا
أَوْ کَرْھًا قَالَتَآ أَتَیْنَا طَآئِعِیْنَ (سورۃ حم السجدہ۔11)
ترجمہ: تو اس (آسمان) سے اور زمین سے فرمایا کہ دونوں حاضر ہو خوشی سے چاہے
ناخوشی سے، دونوں نے عرض کی کہ ہم رغبت کے ساتھ حاضر ہوئے۔
(22) وہ
قبر جو صاحبِ قبر کو ساتھ لے کر چلی تو وہ حضرت یونس علیہ السلام کی مچھلی ہے۔
(23) جو
چیز بلا روح ہے مگر سانس لیتی ہے تو وہ صبح ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا
ہے: وَالصُّبْحِ إِذَا تَنَفَّسَ (سورۃا لتکویر۔18) ترجمہ:
اور صبح کی قسم جب دم لے۔
(24) وہ
پانی جو آسمان سے اُترا نہ زمین سے نکلا تو وہ گھوڑوں کا پسینہ ہے جس کو شیشے کی
بوتل میں بھر کر ملکہ بلقیس نے حضرت سلیمان بن داؤد علیہ السلام کو بھیجا تھا۔
(25) وہ چار نفوس جو باپ کی پشت سے
پیدا ہوئے نہ ماں کے بطن سے تو وہ حضرت آدم علیہ السلام، حضرت حواؑ، حضرت اسماعیل
علیہ السلام کا مینڈھا اور حضرت صالح علیہ السلام کی اونٹنی ہیں۔
(26) زمین
پر سب سے پہلا خون ہابیل کا بہایا گیا جب قابیل نے اسے قتل کیا۔
(27) ایسی
چیز جس کو اللہ عزو جل نے پیدا کیا پھر خرید لیا تو وہ مومن کی جان ہے۔ جیسا کہ وہ
خودارشاد فرماتا ہے: اِنَّ اللّٰہَ اشْتَرٰی مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ
أَنْفُسَہُمْ وَأَمْوَالَہُمْ بِأَنَّ لَہُمُ الْجَنَّۃَط (سورۃالتوبۃ۔111)
ترجمہ: بے شک اللہ نے اہلِ ایمان سے ان کے مال اور جان خرید لئے ہیں اس بدلے پر کہ
ان کے لئے جنت ہے۔
(28) ایسی
شے جسے اللہ عزو جل نے پیدا کیا اور نا پسند کیا تو وہ گدھے کی آواز ہے۔ جیسا کہ
وہ خود ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ اَنْکَرَ الْأَصْوَاتِ لَصَوْتُ
الْحَمِیْرِ (سورۃ لقمان۔19) ترجمہ: بے شک سب آوازوں میں بری گدھے کی
آوازہے۔
(29) ایسی چیز جسے اللہ عزو جل نے
پیدا کیا اور اسے بڑا کہا تو وہ عورتوں کا مکر ہے۔ چنانچہ ارشاد فرمایا: إِنَّ کَیْدَکُنَّ عَظِیمٌ (سورۃ
یوسف۔28) ترجمہ: بے شک تم عورتوں کافریب بڑا (خطرناک) ہوتا ہے۔
(30) وہ چیز جسے اللہ تعالیٰ نے پیدا
فرمایا پھر اس کے متعلق سوال کیا تو وہ حضرت سید ناموسیٰ کلیم اللہ علیہ السلام کا
عصا ہے۔ جیسا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَمَا تِلْکَ بِیَمِیْنِکَ
یٰمُوْسٰی ۔ قَالَ ہِیَ عَصَایَ ج اَتَوَکَّؤُا عَلَیْہَا وَ
اَہُشُّ بِہَا عَلٰی غَنَمِیْ (سورۃ طٰہٰ۔18-17) ترجمہ: اور یہ تیرے داہنے
ہاتھ میں کیا ہے اے موسیٰ! انہوں نے کہا: یہ میرا اعصا ہے، میں اس پر تکیہ لگاتا
ہوں اور اس سے اپنی بکریوں کے لیے پتے جھاڑتا ہوں۔
(31) سب سے افضل عورتیں اُمّ البشر
حضرت اماں حواعلیہا السلام، حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا، حضرت عائشہ صدیقہ
رضی اللہ عنہا، حضرت آسیہ علیہا السلام اور حضرت مریم بنتِ عمران علیہا السلام
ہیں۔
(32) سب
سے افضل دریا سیون پیچون، دجلہ، فرات اور مصر کا دریائے نیل ہیں۔
(33) سب
سے افضل پہاڑ طور ہے۔
(34) سب
سے افضل چوپایہ گھوڑا ہے۔
(35) سب
سے افضل مہینہ رمضان المبارک ہے جیسا کہ اللہ عزو جل ارشاد فرماتا ہے: شَہْرُ
رَمَضَانَ الَّذِیْٓ اُنْزِلَ فِیْہِ الْقُرْاٰنُ (سورۃالبقرۃ۔185) ترجمہ:
رمضان کا مہینہ جس میں قرآن اترا۔
(36) سب
سے افضل رات شبِ قدر ہے چنانچہ اللہ عزو جل ارشاد فرماتا ہے: لَیْلَۃُ
الْقَدْرِ ۵لا خَیْرٌ مِّنْ أَلْفِ شَہْرٍ (سورۃ
القدر ۔3) ترجمہ: شبِ قدر ہزار مہینوں سے بہترہے۔
(37)’’الطامۃ‘‘سے مراد قیامت ہے۔
(38) وہ درخت جس کی بارہ (12) شاخیں
ہیں، ہر شاخ میں تیس (30) پتے، ہر پتے میں پانچ رنگ، دو سورج کی روشنی میں اور تین
سائے میں، تو وہ درخت سال ہے، بارہ مہینے اس کی بارہ شاخیں ہیں، تیس پتے تیس دن
ہیں اور پانچ رنگ پانچ نمازیں ہیں، تین سائے میں یعنی مغرب، عشاء اور فجر، دو
روشنی میں یعنی ظہر اور عصر۔
(39) ایسی چیز جس میں روح نہیں اور نہ
ہی اس پر حج واجب تھا پھر بھی اس نے کعبہ مبارکہ کا طواف کیا تو وہ حضرت سیدّنانوح
علیہ السلام کی کشتی ہے۔
(40) اللہ
تعالیٰ نے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار (124,000) انبیا پیدا فرمائے۔
(41) ان
میں سے تین سو تیرہ (313) رسول ہیں۔
(42) چار
اشیا جن کا ذائقہ اور رنگ مختلف ہے مگر اصل ایک ہے تو وہ آنکھ، ناک، منہ اور کان
ہے۔ آنکھ کا پانی نمکین، منہ کا پانی میٹھا، ناک کا پانی ترش اور کان کا پانی
کڑوا ہوتا ہے۔
(43) نقیر ایک جھلی ہے جو گٹھلی کے
اوپر ہوتی ہے۔
(44) قِطْمِیْر انڈے
کے چھلکے کو کہتے ہیں۔
(45) قبیل
سے مراد گٹھلی کے اندر کاگودا ہے۔
(46) السَّبَد
اور
(47) اَللَّبد
بھیڑ اور بکری کے بالوں کو کہتے ہیں۔
(48) القلم اور
(49) الکریم ہمارے باپ حضرت سیدنا آدم صفی
اللہ علیٰ نبینا وعلیہ السلام سے پہلے کی جنات قومیں ہیں
(50) گدھا
جب شیطان کو دیکھتا ہے تو کہتا ہے: اللہ عزوجل نا جائزٹیکس لینے والے پر لعنت
فرمائے۔
(51) کتا
اپنے بھونکنے میں کہتا ہے، وَیْلٌ لَاَہْلِ النَّارِ مِنْ غَضَبِ
الْجَبَّارِ یعنی دوزخیوں کے لئے ہلاکت ہے کہ اللہ کے غضب میں ہیں۔
(52) بیل
اپنے ڈکرانے میں کہتا ہے: سُبْحٰنَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ
(53) گھوڑا
اپنے ہنہنانے میں کہتا ہے ’’پاک ہے میری حفاظت فرمانے والا جب جنگجو لڑتے ہیں اور
مردانِ کارلڑائی میں مصروف ہوتے ہیں۔‘‘
(54) اونٹ
اپنے بلبلانے میں کہتا ہے: حَسْبِیَ اللّٰہُ وَکَفٰی بِہٖ وَکِیْلًا یعنی میرے لئے اللہ
عزو جل ہی کافی اور وہی میرا کار ساز ہے۔
(55) مور
اپنی چیخ و پکار میں کہتا ہے: اَلرَّحْمٰنُ عَلَی الْعَرْشِ اسْتَوٰی (سورۃ طٰہٰ۔5)
ترجمہ: وہ بڑی رحمت والا اس نے عرش پر استویٰ فرمایا جیسا اس کی شان کے لائق ہے۔
(56) تیتر
اپنی سیٹی میں کہتا ہے بِالشُّکُرِ تَدُوْمُ النِّعَمُ تَعَالٰی
یعنی اللہ عزوجل کا شکر ادا کرنے سے نعمتیں ہمیشہ رہتی ہیں۔
(57) بلبل اپنے نغموں میں یوں گویا ہوتا ہے فَسُبْحٰنَ اللّٰہِ
حِیْنَ تُمْسُوْنَ وَحِیْنَ تُصْبِحُوْنَ (سورۃ الروم۔ 17) ترجمہ: تو اللہ کی
پاکی بولو جب تم شام کرو اور جب تم صبح کرو۔
(58) مینڈک
اپنی تسبیح میں کہتا ہےسُبْحَانَ الْمَعْبُوْدِ فِی الْبَرَارِی وَالْقِفَارِ
سُبْحَانَ الْمَلِکِ الْجَبَّارِ یعنی پاک ہے جنگلوں اور چٹیل میدانوں میں عظیم
معبود، پاک ہے خدائے جبار۔
(59) ناقوس
اپنی آواز میں کہتا ہے: اللہ عزو جل پاک ہے، وہ حق ہے، اے ابن ِآدم! اس دنیا کے
مشرق و مغرب میں دیکھ! کسی کو ہمیشہ باقی رہنے والا نہ پائے گا۔
(60) ایسی
مخلوق جسے اللہ عز و جل نے الہام فرمایا، وہ جنوں میں سے ہے نہ انسانوں میں سے اور
نہ ہی ملائکہ میں سے تو وہ شہد کی مکھی ہے۔ چنانچہ اللہ عزو جل ارشاد فرماتا ہے: وَاَوْحٰی رَبُّکَ اِلَی
النَّحْلِ اَنِ اتَّخِذِیْ مِنَ الْجِبَالِ بُیُوْتًا وَّمِنَ الشَّجَرِ وَمِمَّا
یَعْرِشُوْنَ (سورۃالنحل آیت 68) ترجمہ: اور تمہارے ربّ نے شہد کی مکھی کو الہام
کیا کہ پہاڑوں میں گھر بنا اور درختوں اور چھتوں میں۔
(61) جب
دن آتا ہے تو رات کہاں جاتی ہے؟
(62) جب
رات چھا جاتی ہے تو دن کہاں چلا جاتا ہے؟ یہ تو اللہ عزو جل کے پوشیدہ علم میں ہے،
کسی نبی یا مقرب فرشتے پر بھی ظاہر نہیں۔
مذکورہ تمام جوابات دینے کے بعد
حضرت سیدّنا ابو یزید بسطامی نے پوچھا ’’کیا تمہارا کوئی سوال باقی ہے؟‘‘ انہوں نے
کہا ’’نہیں۔‘‘
تو آپ علیہ الرحمہ نے بڑے پادری
سے فرمایا’’ بتاؤ آسمانوں اور جنت کی چابی کیا ہے؟‘‘
ان کا بڑا پادری خاموش رہا تو سب
نے اسے کہا: آپ نے اتنے سوالات پوچھے اور انہوں نے سب کے جوابات دیئے، اب انہوں
نے ایک ہی سوال کیا اور آپ جواب دینے سے عاجز آگئے۔
پادری نے کہا’’میں عاجز
نہیں آیا لیکن مجھے ڈر ہے کہ میں جواب دوں گا تو تم تسلیم نہیں کرو گے۔‘‘
انہوں نے کہا’’ کیوں نہیں، ہم
مانیں گے، کیونکہ آپ ہمارے بزرگ ہیں، آپ جو بھی فرمائیں گے ہم سر تسلیم خم کریں
گے۔‘‘
تو بڑے پادری نے کہا ’’آسمانوں
اور جنت کی چابی کلمہ طیب لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ ﷺ ‘‘ ہے۔ جب دیگر پادریوں اور راہبوں
نے سنا تو وہ سب کے سب مسلمان ہو گئے۔ انہوں نے گرجا گھر توڑ کر اسے مسجد میں
تبدیل کر دیا ور اپنے اپنے زنار بھی توڑ دیئے۔ حضرت سیدنا ابویزید بسطامی علیہ
الرحمہ کو غیب سے آواز آئی ’’اے ابو یزید! تو نے ہمارے لئے ایک زنار باندھا تو
ہم نے تیری خاطر پانچ سوز نارتو ڑ دیئے۔‘‘
حضرت سیدنا بایزیدبسطامی علیہ
الرحمہ فرماتے ہیں کہ ایک شب فلک اول کے ملائکہ جمع ہو کر میرے پاس آئے اور کہنے
لگے کہ ہم آپ علیہ الرحمہ کے ہمراہ عبادت کرنا چاہتے ہیں؟
میں نے اُن سے کہا کہ میری
زبان میں طاقت نہیں جس سے میں ذکرِ الہی کر سکوں لیکن اس کے باوجود رفتہ رفتہ
ساتوں آسمان کے ملائکہ میرے پاس جمع ہوگئے۔اور سب سے وہی خواہش ظاہر کی جو فلک اول
کے فرشتوں نے کی تھی۔اور میں نے سب کو پہلے ہی جیسا جواب دیا۔ اور جب پوچھا کہ ذکرِ
الہی کی طاقت آپ میں کب تک پیدا ہو گی تو میں نے کہا کہ قیامت میں جب سزا و جزا
ختم ہو جائیں گے اور طواف عرش کرتا ہوا اللہ اللہ کہہ رہا ہوں گا۔
ایک دفعہ آپ حج کے لیے روانہ ہوئے اور بارہ سال
میں کعبہ میں پہنچے۔ راستے میں چند قدم چلتے اور جائے نماز بچھا کر دو رکعت نماز
پڑھتے، فرما تے کہ یہ دنیا کے بادشاہوں کا دربار نہیں کہ یکبارگی وہاں پہنچ سکیں۔
اس دفعہ آپ حج سے فارغ ہوکر واپس آگئے اور مدینہ منورہ میں حاضر نہ ہوئے۔ فرمایا
کہ زیارتِ روضہ منورہ کو حج کے تابع بنانا خلاف ادب ہے۔ اس لیے آیندہ سال آپ نے
روضہ منورہ کی زیارت کے لیے علیحدہ احرام باندھا۔شیخ ابوسعید ابوالخیر علیہ الرحمہ
آپ کی زیارت کیلئے آئے تو فرمانے لگے: یہ وہ جگہ ہے کہ دنیا میں جس شخص کی کوئی
چیز گم ہوئی ہو وہ یہاں ڈھونڈے۔
ریاضت و مجاہدہ:
آپ علیہ الرحمہ بسطام سے نکلے اور تیس سال
تک بادیۂ شام میں ریاضت و مجاہدہ کرتے رہے۔ کسی نے آپ علیہ الرحمہ سے دریافت کیا
کہ سخت سے سخت مجاہدہ کون سا ہے؟
جو آپ علیہ الرحمہ نے راہِ خدا میں کیا ہے،
فرمایا کہ اس کا بیان ممکن نہیں، اس نے عرض کیا کہ آسان سے آسان تکلیف تو بتا
دیجیے جو آپ علیہ الرحمہ کے نفس نے اٹھائی ہے، فرمایا ہاں یہ تو سن لو، ایک دفعہ
میں نے اپنے نفس کو کسی طاعت کی طرف بلایا اس نے میرا کہا نہ مانا، اس پر میں نے
اسے ایک سال پیاسا رکھا۔(اسی طرح حضرت غوث الاعظم و خواجہ غریب نواز و دیگر مشائخ
علیہم الرحمہ طویل مشقتیں اور مجاہدے فرمایا کرتے تھے)۔اس کے با وجود وہ ولایت کے
دعوے نہیں کرتے تھے، اللہ تعالیٰ کے فضل سے سارے زمانے میں ان کی ولایت کی دھوم
مچی ہوئی ہے۔ لیکن فی زمانہ حالات اس کے برعکس ہیں۔ مجاہدے تو دور احکامِ اسلام
اور شرعِ محمدی ﷺ کی پاسداری بھی نہیں ہے۔ اگر القاب کی طرف نظر کریں !تو غوث اور
قطب کے مرتبے سے کم کسی مرتبے پر راضی نہیں ہیں۔
حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:ترجمہ: اگر تم کسی شخص میں
کرامات دیکھو یہاں تک کہ وہ ہوا میں اڑتا ہو۔ تو اس سے دھوکہ مت کھاؤ ۔ جب تک یہ
نہ دیکھ لو کہ وہ امر و نہی۔ حفظ ِحدود اور آداب ِ شریعت میں کیسا ہے۔
ایک مرتبہ آپ علیہ الرحمہ کی
بستی میں ایک بدکار طوائف آگئی۔ وہ بستی کے جوانوں کو غلط راہ پر ڈالنے لگی ۔حضرت
بایزید بسطامی علیہ الرحمہ تک خبر پہنچی تو اپنا جائے نماز اٹھا کر اس بدکار خاتون
کے دروازے کے سامنے بچھا دیا اور عبادت میں مصروف ہوگئے۔سارا دن گذر گیا۔ شام
ہوگئی ۔ شہر کے لوگ بدکارخاتون کے دروازے پر آتے اور وہاں حضرت بایزید بسطامی علیہ
الرحمہ کو عبادت کرتا دیکھ کر شرم سے واپس چلے جاتے۔ جب شام ڈھل گئی اور خاتون
حیران ہوئی کہ آج کوئی گاہک نہیں آیا تو اس نے دروازہ کھولا۔ باہر حضرت بایزید
بسطامی علیہ الرحمہ بیٹھے تھے۔ خاتون نے غصے سے کہا کہ بابا میرا دھندہ خراب کررہے
ہو۔ جاؤ اپنا کام کرو۔
حضرت
بایزید بسطامی علیہ الرحمہ نے پوچھا کہ تیرا کیا دھندہ ہے ؟
عورت بولی گاہک مجھے قیمت
دیتا ہے ۔ پھر اسکی جو مرضی ہو میں وہ کرتی ہوں ۔
حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ
نے تصدیقی انداز میں پوچھا " کیا میں بھی تمہیں قیمت دے دوں تو جو میں کہوں
گا وہ کرو گی ؟
عورت نے ہاں کر دی۔
آپ علیہ الرحمہ نے قیمت
پوچھی، قیمت ادا کی اور مصلے اٹھا کر خاتون کے گھر میں چلے گئے۔
بولے " چلو ۔ اب غسل کرکے
پاک صاف کپڑے پہن کر آؤ " عورت نے حکم کی تعمیل کی۔
آپ علیہ الرحمہ نے مصلیٰ
بچھایا اور فرمایا ۔ اب اللہ کے حضور عبادت کے لیے کھڑی ہوجاؤ۔
جب خاتون کھڑی ہوگئی ۔ تو آپ
علیہ الرحمہ نے سجدے میں گرکر اللہ سے عرض کی۔ "اللہ کریم۔ اسے یہاں تک لانا
میرا کام تھا۔ اب اس کا دل بدلنا تیرا کام ہے" .
آپ علیہ الرحمہ کی سوانح میں درج
ہے کہ وہ عورت توبہ کے بعد اپنے دور کی انتہائی نیک و پارسا خاتون بن گئی۔
حضرت داتا گنج بخش نے ”کشف
المحجوب“ میں ذکر کیا ہے کہ حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ جب سفر حجاز سے واپس
تشریف لائے تو ان کے آنے کی منادی کی گئی۔ لوگوں میں مشہور ہوا کہ حضرت بایزید
بسطامی علیہ الرحمہ تشریف لائے ہیں۔ شہر کے لوگ جمع ہوئے اور آپ کے استقبال کیلئے
شہر سے باہر آئے تاکہ اعزاز و اکرام کے ساتھ شہر میں لائیں۔
حضرت بایزید لوگوں کی آمدورفت کو
دیکھ کر جب ان کی طرف مشغول ہوگئے تو محسوس فرمایا کہ اب ان کا دل بھی تقرب الٰہی
سے دور ہو رہا ہے تو پریشان ہوگئے لوگوں کو اپنے سے دور کرنے کیلئے آپ نے یہ حیلہ
کیا کہ جب وسط شہر میں تشریف لائے تو روٹی کا ایک ٹکڑا نکال کر سرعام چبانا شروع
کر دیا۔
ماہ رمضان میں آپ کے اس
عمل پر عوام میں منافرت پیدا ہوگئی اور لوگ حضرت بایزید کو تنہا چھوڑ کر چل دئیے۔
کیونکہ یہ واقعہ رمضان شریف میں ہوا تھا اس لئے لوگوں نے آپ کے سر عام کھانے کے
عمل پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ
کے ہمراہ ایک مرید تھا۔ آپ نے اس مرید سے فرمایا ”دیکھا تونے شریعت مطہرہ کے ایک
مسئلہ پر میں نے عمل کیا تو لوگوں نے مجھے چھوڑ دیا۔ آپ کا اشارہ مسئلہ شرعی کی
طرف تھا کہ مسافر اگر بحالت مسافرت روزہ نہ رکھے تو اس پر گناہ نہیں۔ وہ اس روزے
کی قضا دوسرے ایام میں کر سکتا ہے۔
حضرت داتا گنج بخش علیہ
الرحمہ فرماتے ہیں کہ ایسی حالت میں حصول ملامت کیلئے ایک برا فعل بہتر تھا۔
فرماتے ہیں کہ اگر کوئی دو رکعت نفل لمبے کر کے پڑھے یا اپنے دین کو مضبوطی سے
تھام لے توآج کل کی عوام اس کے متعلق ریاکاری یا منافقت کا فتویٰ دے دیتی ہے۔
داتا گنج بخش علیہ الرحمہ
فرماتے ہیں کہ اگر کوئی خلاف شریعت عمل کرے اور خود کو ملامتی ظاہر کرے تو یہ
سراسر گمراہی‘ آفت اور ہوس کاذب ہے۔ اس وضاحت کے بعد حضرت داتا گنج بخش نے ریاکار
ملامتی فرقہ کے متعلق کافی طویل بیان لکھا ہے۔ حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ اسی
طرح اپنے نفس کا علاج کیا کرتے تھے اور اس کیلئے کبھی نفس پر عتاب فرماتے اور کبھی
تکبر کے احساس کا تدارک کرتے۔
مولانا عطار ”تذکرة الاولیاء“
میں لکھتے ہیں کہ ایک مرتبہ جب آپ کو شہر بسطام سے نکال دیا گیا تو آپ نے وجہ
دریافت کی۔ لوگوں نے جواب دیا کہ تم اچھے آدمی نہیں اس لئے تم کو شہر سے نکالا
گیا۔ آپ نے فرمایا کہ کتنا اچھا ہے وہ شہر جس کا برا آدمی میں ہوں۔
سید الطائفہ حضرت جنید بغدادی
رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : بایزید ہماری جماعت (جماعت صوفیاء) میں ایسے ہیں جیسے
حضرت جبرائیل علیہ السلام فرشتوں میں، دیگر سالکین کے مقام کی نہایت بایزید کے
مقام کی بدایت ہے۔
امام مناوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ
"بایزید بسطامی علیہ الرحمہ عارفین کے اماموں کے بھی امام تھے اور محققین
صوفیہ کرام کے مشائخ کے شیخ تھے۔ آپ انہیں سلطان العارفین کہا کرتے تھے اور ابن عربی انھیں
ابو یزید اکبر کہا کرتے تھے اور انہوں نے ذکر کیا کہ آپ اپنے زمانہ کے قطب
تھے"۔شیخ ابو سعید علیہ الرحمہ کا قول ہے کہ "میں پورے عالم کو آپ کے
اوصاف پر دیکھتا ہوں لیکن اس کے باوجود بھی آپ کے مراتب کو کوئی نہیں جانتا"۔
جب آپ علیہ الرحمہ نماز پڑھتے تو اللہ کی
ہیبت اور شریعت کی تعلیم کی وجہ سے، ان کے سینے سے آواز نکلتی تھی جس کو لوگ سن
لیتے تھے۔ بایزید نے موت کے وقت فرمایا؛الہی ما ذکرتک الا عن غفلۃ؛ وما خدمتک الا
عن فترۃ خدایا میں نے آپ کو یاد نہ کیا سوائے غفلت کے اور میں نے تیری خدمت نہیں
کی سوائے نقصان کے۔
وصال پر ملال :
آپ علیہ الرحمہ نے 15شعبان 261ہجری
بمطابق 874عیسوی میں انتقال فرمایا۔