حقوق العباد کی اہمیت


 معاشرے  کا چین و سکون، تعمیرو ترقی،فلاح وبہبود اس میں بسنے والے افراد کےاخلاق و کردار کی حفاظت اور  باہمی تعلقات کی مضبوطی کامرہونِ منت ہوتاہے۔اس لئےمختلف تہذیبوں اور معاشروں  میں انسانی حقوق(Rights Human)کی حفاظت کے لئے مختلف قوانین رائج  ہیں  مگر دین ِاسلام کو اِنسانی حقوق کے تحفظ میں سب پر برتری حاصل ہے کیونکہ اسلام وہ واحد مذہب ہےجس نے نہ صرف حقوق العباد کی اہمیت پر زور دیا بلکہ ان کی ادائیگی نہ کرنے والے کودنیوی و اُخروی طور پر نقصان اور  سزا کا مستحق  بھی قرار دیا ۔حقوق العباد کو جس قدر تفصیل و تاکید سے  اسلام نے بیان کیا ہے، یہ اسی کا خاصہ ہے۔ان حقوق میں والدین، اولاد،زوجین یعنی میاں بیوی، رشتہ دار،یتیم، مسکین، مسافر، ہمسایہ، سیٹھ،  نوکر  اور قیدی  وغیرہ کےانفرادی حقوق کے ساتھ دیگر اجتماعی و معاشرتی حقوق کا وسیع تصور بھی شامل ہے۔

حقوق العباد کا معنیٰ و مفہوم:حقوق جمع ہے حق کی، جس کے معنیٰ ہیں:فردیا جماعت کا ضروری حصہ۔(المعجم الوسیط: ۱۸۸)

جبکہ حقوق العباد کا مطلب یہ ہوگاکہ وہ تمام کام جوبندوں کو ایک دوسرے کے لئے کرنے ضروری ہیں۔ان کا تعلق چونکہ بندے سے ہے اسی لئے ان کی حق تلفی کی صورت  میں اللہ تعالیٰ نے یہی ضابطہ مقرر فرمایا  ہے کہ جب تک وہ بندہ معاف نہ کرے معاف نہ ہوں گے۔ (فتاویٰ رضویہ جلد۲۴صفحہ۴۵۹)

 حقوق العباد کی اہمیت: حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوقُ العباد کی ادائیگی درحقیقت راہِ نجات ہے۔اللہ تعالیٰ نے کئی مقامات پر حقوق العباد کی ادائیگی کا حکم فرمایا ہے، ایک جگہ فرمایا: وَ اٰتِ ذَا الْقُرْبٰى حَقَّهٗ وَ الْمِسْكِیْنَ وَ ابْنَ السَّبِیْلِ (بنی اسرائیل۲۶)  ترجمہ:اور رشتہ داروں کو ان کا حق دے اورمسکین اور مسافر کو۔ حقوق العباد ادا کرنا اللہ تعالیٰ کے نیک اور صالح بندوں کی صفت ہے۔کامل مسلمان ہمیشہ دوسروں کے حقوق دبانے یا انہیں تلف  کرنے سے بچتا ہے۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کافرمان ہے: مسلمان  کی سب چیزیں (دوسرے)  مسلمان پرحرام ہیں، اس کا مال،اس کی آبرو اور اس کا خُون۔ (ابوداؤدجلد۴صفحہ۳۵۴ حدیث: ۴۸۸۲)

حقوق العبادکی ادائیگی میں غفلت برتنے سے معاشرے کا امن و سکون برباد ہو جاتا ہے۔ ہر کسی کا حق اِسی دنیا میں ہی ادا کرنا آخرت میں ادا کرنے کی نسبت بہت آسان ہے کیونکہ اگرحقوق معاف کروائے بغیر اس دنیا سے چلے گئے تو ایک روپیہ دبانے،کسی کو ایک ہی گالی بکنے، محض ایک بار کے گھورنے،جھڑکنے اور الجھنے کے سبب ساری زندگی کی نیکیوں سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔مزید یہ کہ صاحبِ حق کے گناہ بھی سر ڈالے جاسکتے ہیں جیساکہ فرمانِ رسولﷺ ہے:جس کے ذِمے اپنے بھائی کی عزّت یا کسی اور شے کے معاملے میں ظُلم ہو،اُ سے لازِم ہے کہ( قیامت کا دن آنے سے پہلے) یہیں دنیا میں اس سے معافی مانگ لے،کیونکہ وہاں (روزِ محشر اس کے پاس) نہ دینار ہوں گے اور نہ درہم، اگر اس کے پاس کچھ نیکیاں ہوں گی، تو بقَدَر اُس کے حق کے ،اِس سے لے کر اُسے دی جائیں گی، اگر اس کے پاس نیکیاں نہ ہوئیں تو اُس(مظلوم ) کے گناہ اِس (ظالم)پررکھے  جائیں گے۔(بخاری شریف جلد۲صفحہ۱۲۸، حدیث: ۲۴۴۹) ہمیں چاہئے کہ حقوق  العباد سے متعلق اسلام کی عطاکردہ روشن  تعلیمات پر عمل  پیرا ہوں اور حق تلفی کی اس دیمک کا خاتمہ کریں جو ہمارے معاشرے کی بنیادوں کو بوسیدہ  کررہی ہے ۔

No comments:

Post a Comment