ماہ ربیع الاول کی فضیلت اور اذکار و نوافل

 

ماہ ربیع الاول بے حد متبرک اور فضیلت والا مہینہ ہے۔ اس کا شمار اسلامی مہینوں میں تیسرا ہے۔ ربیع الاول کی وجہ تسمیہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ جب ابتداء میں اس کا نام رکھا گیا تو اس وقت موسم ربیع کی ابتدا تھی۔ یہ مہینہ خیرات و برکات اور سعادتوں کا منبع ہے۔ کیونکہ اس مہینہ کی بارہویں تاریخ کو اللہ جل شانہ نے اپنے فضل و کرم سے رحمتہ للعالمین احمد مجتبیٰ حضرت محمد مصطفیﷺ کو پیدا فرما کر اپنی نعمتوں کی بارش برسائی۔ اسی ماہ کی کی دسویں تاریخ کو محبوبِ کبریاﷺ نے ام المومنین سیدہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا سے نکاح فرمایا تھا۔ اسی لیے اس ماہ کو دوسرے مہینوں پر خصوصی فضیلت حاصل ہے۔

ماہ ربیع الاول کا چاند دیکھ کر یہ دعا  پڑھیں: اَللّٰھُمَ اَھِلَّہٗ عَلَیْنَا بِالْیُمْنِ وَالْاِیْمَانِ وَالسَّلَاْمَۃِ وَ الْاِسْلَاْمِہ وَالتَّوْفِیْقِ لِمَا تُحِبُّ وَتَرْضٰی رَبِّیْ وَرَبُّكَ اللّٰہُ اے اللہ سبحانہ و تعالیٰ! اس چاند کو ہمارے اوپر برکت اور ایمان اور سلامتی اور اسلام کے ساتھ اور ان اعمال کی توفیق کے ساتھ نکلا ہوا رکھ، جو تجھے پسند ہیں، اے چاند میرا اور تیرا رب اللہ ہے۔(الاذکار للنووی ١٥٩)

بارہ ربیع الاول کے نوافل: ربیع الاول شریف کی پہلی تاریخ کو بعد نماز عشاء  سولہ رکعات آٹھ سلام سے پڑھے ہر رکعت میں سورہ فاتحہ  کے بعد سورہ اخلاص  تین تین بار پڑھنا ہے۔ اور سلام کے بعد ایک ہزار مرتبہ یہ دورد شریف پڑھیں ’’اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ انِ لنَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ۔‘‘اور ربیع الاول کی پہلی تاریخ سے لے کر بارہ تاریخ تک یہ درود پڑھنا افضل ہے۔

بارہ ربیع الاول کو نماز ظہر کے بعد بیس رکعت نفل نماز دو دو رکعت کرکے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد اکیس اکیس مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے۔ نماز پڑھنے کے بعد اس کا ثواب حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ کے طور پر پیش کرے۔ اولیاء کرام (رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین) نے ان نوافل پر مداومت اور ہمیشگی رکھی ہے۔ ان نوافل کی مداومت رکھنے والے کو حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام کی زیارت نصیب ہوتی ہے اور پروردرگار عالم جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرماتا ہے۔ حضور سرور کائنات ﷺکی شفاعت نصیب ہوتی ہے۔

وظیفہ درود شریف: ربیع الاول کا سب سے اعلیٰ وظیفہ درود پاک کا ورد ہے لہٰذا اس ماہ میں کوشش کی جائے کہ کثرت سے درود پاک پڑھا جائے۔ کتاب المشائخ میں لکھا ہے کہ جب چاند ربیع الاول کا نظر آوے، اسی شب سے تمام مہینے تک یہ درود شریف ہمیشہ ایک ہزار پچیس بار بعد نماز عشاء کے پڑھے گا تو حضور اقدسﷺ کو خواب میں دیکھے گا۔ وہ درود شریف یہ ہے: ’’ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰٓی اِبْرَاھِیْمَ وَ عَلٰی اٰلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌمَّجِیْدٌ ‘‘ ایک بزرگ کا قول ہے کہ جو شخص اخلاص کے ساتھ ربیع الاول میں سوا لاکھ مرتبہ مندرجہ ذیل درود پاک کو پڑھے گا اسے حضورﷺ کی زیارت ہوگی اور آخرت میں اسے حضورﷺ کی شفاعت نصیب ہوگی۔ وہ درود پاک یہ ہے اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہِ o وَ عَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحَابِکَ یَا حَبِیْبَ اللّٰہِ o

ربیع الاول بارہ ، تیرہ اور چودہویں شب کو عشاء کی نماز کے بعد  یَا بَدِیْعَ الْعَجَائِب بِالْخَیْرِ یَا بَدِیْعِ سات ہزار سات سو سو اکیس بار  پڑھنے سے رزق میں خوب ترقی ہوگی۔ 

پاؤں سُن ہونے کا عمل: جب کسی کے پاؤں میں جھن جھنی چڑھے یا سُن ہو تو چاہیئے اس شخص کا نام لے جو اسکو سب سے پیارا ہو تو سب سے زیادہ ہمارے آقا  ومولا تاجدار انبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں انہیں کا نام لےکر کہے یَامُحَمَّدُ رَسُوْلَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمْ یہ عمل حدیث میں آیا ہے اور صحابہ کرام علیہم الرضوان سے ثابت ہے۔(وظائف اشرفی/محبوب ربانی حضور اعلیٰ حضرت اشرفی میاں کچھوچھوی صفحہ٤ ١٠ناشر نذراشرف شیخ محمد ہاشم رضا اشرفی پاکستان)

No comments:

Post a Comment